کورونا کی فوری تشخیص کیلئے فن لینڈ کی تیار کردہ کٹس پاکستان پہنچ گئیں
- April 1, 2020 2:27 pm PST

کراچی میں انووٹیو ہیلتھ کیئرسسٹم نامی ادارے نے کورونا وائرس کی فوری تشخیص کے لیے کٹس درآمد کرلی ہیں جس میں درستگی کا تناسب95 فیصد ہے۔
ادارے نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی جانچ کے لیے مفت موبائل ایپ بھی متعارف کرائی ہے تاہم کورونا کی فوری تشخیص کا آغاز حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔
کمپنی کے سی ای اوعمیراعظم کا کہنا ہے کہ مذکورہ کٹس فِن لینڈ سے درآمد کی گئی ہیں اگر حکومت تعاون کرے تو بڑے پیمانے پر شہریوں کی ٹیسٹنگ ممکن ہوسکتی ہے۔
ڈائریکٹر ہیلتھ انفارمیٹکس ضیا اعظم نے بتایا کہ اس سے ٹیسٹ انتہائی آسان ہے۔ جسے گھر کا میں موجود کوئی بھی فرد سرانجام دے سکتا ہے۔ تشخیص کا عمل موبائل ایپ سے جڑا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ تناظر میں ادارے نے مفت موبائل ایپ بھی ترتیب دی ہے۔ جو کسی بھی شہری میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں دیگر شہریوں کو خبردار کرسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کووڈ ٹریس نامی ایپلیکشن رواں ہفتے پلے اسٹور اور آئی اسٹور پر دستیاب ہوگی۔