کالج کلرک فرعون بن گیا، طالبہ کے والد کو پاؤں پکڑوا دیے

  • October 7, 2018 4:58 pm PST
taleemizavia single page

حیدر آباد: نیو سعید آباد گورنمنٹ ڈگری کالج میں بیٹی کے داخلہ فارم کے لیے طلب کی جانے والی مارک شیٹ پر بااثر سینیئر کلرک نے باپ کو پاؤں میں گرکر معافی مانگنے پر مجبور کردیا۔

مٹیاری میں نیو سعید آباد گورنمنٹ ڈگری کالج میں بیٹی کے داخلہ فارم کے لیے طلب کی جانے والی مارک شیٹ پر بااثر سینیئر کلرک نے باپ کی تذلیل کردی اور پاؤں میں گرنے پر مجبور کردیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص کالج میں اپنی بیٹی داخلے کے لئے کلرک کی منت سماجت کررہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اگر کالج میں بیٹی کا داخلہ نہیں دے رہے تو مارک شیٹ واپس دے دیں۔

لیکن کلرک نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باپ کو اپنے قدموں میں گر کر معافی مانگنے پر مجبور کردیا اور کسی کی ایک نہ سنی۔ بے بس باپ کالج میں داخلے نہ دینے اورمارک شیٹ نہ ملنے پر بااثر کلرک کے پاؤں میں گرکرمعافی مانگتا رہا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صوبائی وزیرتعلیم سید سردارشاہ نے پیر کے روز ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید چنڑ، گورنمنٹ ڈگری کالج کے پرنسپل، بے رحم کلرک اور متاثرہ شخص کو کراچی دفتر میں ذاتی حیثیت سے پیش ہونے کا حکم دے دیا جب کہ واقعے سے متعلق ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد سے رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔

ڈائریکٹر کالجز حیدرآباد پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید چنڑ نے نیو سعید آباد گورنمنٹ ڈگری کالج کے سینیئر کلرک کومعطل کردیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *