پولیو ویکسینز کیخلاف مہم روکنے کیلئے ‘پی ٹی اے’ سے مدد طلب

  • May 6, 2018 9:38 pm PST
taleemizavia single page

نیوز ڈیسک

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو نے پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پولیو ویکسینز کے خلاف منفی مہم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو کے سربراہ ڈاکٹر رانا صفدر نے میڈیا کو بتایا کہ ‘ہر پولیو مہم سے قبل ویکسین کے خلاف مربوط منفی مہم شروع ہوجاتی ہے، دوسری جانب مختلف امراض جیسے نظامِ تنفس میں انفیکشن اور اسہال کے باعث سب سے زیادہ بچے اپنی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں، خسرہ کی وبا ابھی باقی ہے لیکن ’شیطانی دماغ‘ والے مذکورہ اموات کو ویکسین سے جوڑ رہے ہیں جس کے باعث والدین خوفزدہ ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘سوشل میڈیا پر متعدد ایسی ویڈیوز موجود ہیں جن میں والدین کو پولیو ویکسین پلانے سے روکنے کی ہدایت کی گئی، واٹس اپ کی وجہ سے حالات مزید بدتر ہوگئے ہیں کیونکہ اس میں پہلی مرتبہ ویڈیو پوسٹ کرنے والے کا پتہ نہیں چلتا’۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ ویکسینیٹرز کو ہدایت کی گئی ہیں کہ وہ 7 مئی کو شروع ہونے والی پولیو مہم کے پہلے دن زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکیسن پلائیں تاکہ اگلے دنوں میں ویکیسن کے انکاری کے کیسز کم ہو سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے سے درخواست کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر پولیو ویکسین کے خلاف منفی پروپیگنڈا روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ ٹرانسمیشن سیزن میں آخری پولیو مہم 18-2017 کا آغاز 7 مئی سے ہوگا جس میں 109 اضلاع، ایجنسیاں اور ٹاؤن شامل ہیں۔ پولیو مہم کا آغاز پاکستان اور افغانستان میں ایک ساتھ شروع ہوگا تاکہ کوئی بچہ پولیو ویکیسن سے محروم نہ رہے۔

ڈاکٹر صفدر نے بتایا کہ جب پاکستان میں ویکسین کا سلسلہ شروع کیا گیا تو بعض بچے افغانستان میں تھے اور جب افغانستان میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوا تو تب متعدد بچے پاکستان میں تھے، جس کے باعث ہزاروں بچے پولیو ویکسین سے محروم رہ گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.