ایچی سن کالج کا آئندہ سال لاہور کے بچوں کو داخلہ دینے سے انکار
- December 20, 2020 9:19 am PST

لاہور: ایچی سن کالج نے اپنی نئی داخلہ پالیسی میں اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال پہلی جماعت میں لاہور کے طلباء کو داخلے نہیں دیے جائیں گے۔
ایچی سن نے آئندہ سال صرف تین جماعتوں میں داخلے کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں کے ون، کے ٹو اور ای ٹو شامل ہوں گے۔
پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن نے اپنی نئی داخلہ پالیسی سے متعلق والدین کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ نئی داخلہ پالیسی کے مطابق کے ون کلاس کے لیے 30 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ کے ون کلاس میں لاہور کے علاوہ ملک بھر سے تعلق رکھنے والے طلباء داخلوں کے لیے اہل تصور کیے جائیں گے۔
کے ون میں داخل ہونے والے تمام بچوں کو ایچی سن کالج کے ہاسٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔
پرنسپل مائیکل تھامسن کے مطابق کے ٹو کلاس میں 170 نشستوں پر اوپن میرٹ جبکہ گیارہ نشستوں پر بورڈنگ کیٹیگری کے تحت داخلے کیے جائیں گے۔
ای ٹو کلاس میں 79 طلباء کو اوپن میرٹ جبکہ دو طلباء کو بورڈنگ کیٹیگری کے تحت داخلہ دیا جائے گا۔
پرنسپل ایچی سن کالج مائیکل تھامسن کا کہنا ہے کہ کالج کی دیگر کلاسز میں داخلوں کی گنجائش نہیں ہے اس لیے دیگر کلاسز میں آئندہ سال نئے داخلے نہیں کیے جائیں گے۔