تعلیمی زاویہ کو دو سال مکمل، غیر جانبدار خبریں ہماری پہچان

    August 17, 2018 11:04 am PST
taleemizavia single page

ایڈیٹوریل

پاکستان کی سب سے بڑی تعلیمی ویب سائیٹ تعلیمی زاویہ کو آج دو سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس سفر میں ادارہ کی حوصلہ افزائی کرنے والے ماہرین تعلیم، طلباء، اساتذہ اور ناقدین کے ہم بے انتہا مشکور ہیں۔ تعلیمی زاویہ کا بنیادی مقصد پاکستانیوں کو علم و شعور دینے کے ساتھ درست معلومات اور حقائق پر مبنی تعلیمی خبریں فراہم کرنا ہے جو پاکستان کے بڑے اخبارات اور نشریاتی اداروں کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔

تعلیمی زاویہ کی ایڈیٹوریل پالیسی میں ہمیشہ اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ مصدقہ خبریں، ٹھوس تجزیہ اور بے لاگ تبصرے اپنے قارئین تک پہنچائے جائیں تاہم ان تبصروں اور خبروں میں مقصدیت کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھا گیا۔

ہمارے تجربہ کار رپورٹرز کی محنت کے باعث دو سال میں 170 سے زائد ایکسکلیسو خبریں شائع کی گئی ہیں، یہ خبریں، سیکنڈل آج بھی ہماری ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

تعلیمی زاویہ کے اس سفر میں ہمیں پاکستان بھرکی جامعات، کالجز اور سکولز سے وابستہ اساتذہ اور سربراہان کی معاونت حاصل رہی ہے اور اس کے ساتھ اساتذہ و طلباء نے اس ویب سائٹ کی پذیرائی میں کلیدی کردارادا کیا ہے جس پر ادارہ ایسے تمام اساتذہ و طلباء کا مشکور ہے جنہوں نے ہماری خبروں اور تبصروں کا اپنے حلقوں میں تبادلہ کیا۔

تعلیمی زاویہ نے محض تعلیم سے متعلق سرکاری پالیسیوں میں موجود نقائص پیش نہیں کیے بلکہ اس کی نشاندہی کرنے کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں میں موجود خرابیوں کو بھی قارئین تک پہنچایا گیا۔ دو سال کے اس سفر میں ادارہ نے بہت مشکلات برداشت کیں لیکن اس کے باوجود علم کی ترسیل میں اپنے عزم پر قائم رہا۔

تعلیمی زاویہ نے نان کمرشل بنیادوں پر سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلقہ خبریں اپنے قارئین تک پہنچائی ہیں اور اپنی ایڈیٹوریل پالیسی میں صحافتی اخلاقیات پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

اس ویب سائٹ پر نوجوان لکھاریوں اور نوجوان نامہ نگاروں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی گئی تاکہ وہ اپنی لکھنے کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کر سکیں۔

تعلیمی زاویہ نے ان دو سالوں میں اپنی پالیسی کے تحت کسی بھی ریاستی و غیر ریاستی تعلیمی اداروں سے اشتہارات نہیں لیے اور پیشہ وارانہ امور کو بغیر کسی دباؤ کے جاری رکھا۔

ویب سائٹ کی پذیرائی اور قارئین کے مسلسل اصرار پر ہم تعلیمی زاویہ انگریزی کا بھی جلد اجراء کرنے جارہے ہیں اور اس ویب سائٹ میں مزید نئے فیچرز کو شامل کیا جارہا ہے تاکہ قارئین کو زیادہ سے زیادہ معلومات میسر آسکیں۔ اسی طرح ویب سائٹ پر ویڈیو پورٹل کا اجراء کیا جا رہا ہے جب کہ میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق بھی خبریں اب قارئین تک پہنچائی جائیں گی۔

تعلیمی زاویہ ویب سائیٹ کی ری لانچ آئندہ ہفتے کی جارہی ہے، ایڈیٹوریل ٹیم کے متفقہ فیصلے کے بعد اب ہم اپنی سائیٹ پر کمرشل اشتہارات کی اشاعت بھی کریں گے جس کے لیے ہماری مارکیٹنگ ٹیم کے ساتھ رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تعلیمی زاویہ ویب سائٹ کی پوری ٹیم اپنے تمام قارئین کی بے حد مشکور ہے کہ جن کی دلچپسی اور حوصلہ افزائی کے باعث ہم نے اپنا یہ سفر جاری رکھا اور آئندہ بھی اللہ کے کرم سے جاری رکھیں گے۔

چیف ایڈیٹر: فاطمہ اکرم