یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل کا 28 فروری کو تدریسی بائیکاٹ کا فیصلہ

  • February 22, 2017 8:10 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب نے اٹھائیس فروری کو لاہور میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس احتجاج میں ناصر باغ سے لے کر پنجاب اسمبلی تک ریلی بھی نکالی جائے گی۔

یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل پنجاب کے کنونیئر طارق محمود، حافظ غلام محی الدین، اللہ بخش قیصر،رشید احمد بھٹی،محمد اجمل شاد،محمد اشفاق نسیم ،کاشف شہزاد چوہدری، حافظ عبدالناصر، اللہ رکھا گجراور محمد اسلم گجر نے اس احتجاج پر اپنا مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔

طارق محمود کہتے ہیں کہ اساتذہ کے ساتھ سیکرٹری سکولز نے مذاکرات کیے تاہم اس کے باوجود اساتذہ کے مطالبات کو تسلیم کرنے کے بعد نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس پر ایک بار پھر لاہور کے تمام سرکاری سکولوں کے اساتذہ تدریسی بائیکاٹ کر کے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلائیں گے۔

کونسل کے اہم عہدیدار کاشف شہزاد چوہدری نے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں کے اساتذہ کی سکیل اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔

وہ کہتے ہیں کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ پر پیڈا ایکٹ لگا کر اُنہیں دباؤ میں لایا جارہا ہے اور اس دباؤ کے ذریعے پنجاب کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو ان کے جائز حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اساتذہ کے معاملات میں براہ راست مداخلت کریں۔ یونائیٹڈ ٹیچرز کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اب مطالبات کو تسلیم کرنے کے بعد نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے تک لاہور میں زبردست احتجاج جاری رہے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *