سندھ: تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر، سیکرٹری کی تقرریاں سرچ کمیٹی کو سپُرد

  • October 16, 2017 10:38 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

صوبہ سندھ کے بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری کی خالی اسامیوں پر تقرریاں اب سرچ کمیٹی کی سفارش پر ہوں گی۔ صوبے کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرریوں کے لیے قائم سرچ کمیٹی ہی اب بورڈز میں تقرریوں کی سفارشات کرے گی۔

اس ضمن میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ نے سرچ کمیٹی کو یہ اختیار دینے کی سمری بھی منظور کر لی ہے۔

اس سرچ کمیٹی کے اراکین میں جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ، سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مظہر الحق صدیقی اور سابق سول سرونٹ انوار حیدر شامل ہیں جبکہ سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز بھی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یہ سرچ کمیٹی کنٹرولر امتحانات اور سیکرٹری کے لیے عہدے کے لیے الگ الگ تین ناموں کا پینل بھیجنے کی پاپند ہو گی جس میں سے وزیر اعلیٰ سندھ کسی ایک نام کی منظوری دیں گے۔ اس حوالے سے جلد ہی اشتہار بھی جاری کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ان اسامیوں پر تقرریوں کے لیے عُمر کی حد 55 سال کر دی گئی ہے جبکہ تعلیمی بورڈز کے کیلنڈر کے مطابق بیس سال متعلقہ تجربہ ہونے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔

اسی طرح تقرری کی شرائط میں اب یہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے کہ اُمیدواروں کے لیے سندھ کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔

دوسری جانب محکمہ خزانہ سندھ نے تعلیمی بورڈز کو فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے پچاس کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *