یورپی ملک ہنگری کا پاکستانی طلباء کیلئے 200 سکالر شپ کا معائدہ

  • February 21, 2017 4:06 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد/سٹاف رپورٹر

ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور ہنگری نے ہائیر ایجوکیشن اینڈ سائنٹیفک ایکسچینج پروگرام کے تحت مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت ہنگری پاکستانی طلباء کو ہنگری میں حصولِ تعلیم کے لئے 200تعلیمی وظائف مہیاکرے گا۔

ایچ ای سی سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے بھی شرکت کی۔

دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر ایچ ای سی کے چئیرمین ڈاکٹر مختار احمد اور پاکستان میں ہنگری کے سفیر جناب سزابواستوان نے دستخط کیے۔

اس موقع پر ایچ ای سی ایڈوائزر ایچ آر ڈی جناب وسیم ہاشمی سید، پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مظہر سعید اور ایچ ای سی کے دیگر اعلٰی عہدہ داران کے علاوہ ہنگری کے سفیر کی زوجہ مسز املیا سزابون ناگی اور ہنگری سفارتخانہ اور یورپین یونین کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

مذکورہ دو سو سکالر شپ میں سے 125وظائف بیچلرز، 50وظائف ماسٹرزاور 25اسکالرشپس پی ایچ ڈی پروگراموں کے لیے دیے جائیں گے۔

دو ہزار پندرہ میں 240 طلباء کے لئے شروع کیے جانے والے تین سالہ پروگرام کے آغاز کے پہلے سال 80 پاکستانی طلباء کو ہنگری بھیجا گیاجبکہ اس معاہدے سے وظائف کی تعداد 80سے 200سالانہ تک بڑھا دی گئی ہے۔

انجنئیر بلیغ الرحمان کہتے ہیں کہ پاکستان ہنگری اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور طلباء کو وظائف کی فراہمی سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی اور دونوں اقوام کو مزید قریب آنے کا موقع ملے گا۔

ڈاکٹر مختار احمد نے ہائیر ایجوکیشن اینڈ سائنٹیفک ایکسچینج پروگرام کی کامیابی اور پس منظر پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ پروگرام کے پہلے سال تین ہزار طلباء نے وظائف کے لیے درخواستیں جمع کرائیں ۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کے تبادلے کے پروگرام سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی ہنگری کی جامعات کے ساتھ تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے اور ہنگری کی جامعات نے پاکستان میں اسپورٹس یونیورسٹی کے قیام میں تعاون کا بھی یقین دلایا ہے۔

پاکستان میں ہنگری کے سفیر جناب سزابو استوان نے کہا کہ وظائف کی تعداد میں اضافے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہنگری پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری در اصل بہتر مستقبل کے لیے سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔

انہوں نے ایچ ای سی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طلباء کی کارکردگی بہت اعلٰی رہی ہے اور وہ امید ظاہر کرتے ہیں کہ طلباء دونوں ممالک کے مابین سفارتکار کا کردار ادا کریں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *