الیکشن ٹریننگ/ڈیوٹی سے غیر حاضر اساتذہ کیخلاف کارروائی

  • July 7, 2018 1:40 pm PST
taleemizavia single page

راولپنڈی

سرکاری سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ الیکشن ٹریننگ سے غائب، 25 فیصد اساتذہ کی ٹریننگ میں شمولیت نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔ متعلقہ محکمہ جات کو اساتذہ کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق 25 فیصد اساتذہ الیکشن ٹریننگ ورکشاپ میں شرکت نہیں کر رہے۔ اساتذہ کی اتنی بڑی تعداد میں غیر حاضری لاہور کے علاوہ کسی بھی ضلع میں نہیں۔ الیکشن کمیشن نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں انہیں متعدد بار ریمائنڈر دینے کے باوجود وہ غیر حاضر ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ کی پولنگ سٹیشن پر پریزائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق الیکشن ڈیوٹیوں پر تعینات سرکاری اداروں کے اساتذہ ورکشاپ میں شرکت کرنے کے پابند ہیں اور الیکشن عملے کی ٹریننگ کرنا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ 2013ءکے عام انتخابات میں غیر تربیت یافتہ انتخابی عملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *