وفاقی حکومت “وسیلہ تعلیم پروگرام” مزید چار اضلاع تک پھیلائے گی

  • December 3, 2017 11:16 am PST
taleemizavia single page

کوئٹہ: وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایم این اے ماروی میمن نے گوادر کا دورہ کیا اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے بلوچستان کی ترقی کیلئے اعلان کئے گئے اپ لفٹ پیکج کے حوالے سے وسیلہ تعلیم پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

اعلان کئے جانے والے نئے دس سالہ ترقیاتی پیکج کے تحت ، بلوچستان کی تمام یونین کونسلوں کو تعلیم ، بجلی، پانی ، گیس اور صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔ منصوبے کا 50%فنڈ وفاقی حکومت مہیا کرے گی جبکہ باقی ماندہ اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

دورے کے دوران، چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے بی آئی ایس پی وسیلہ تعلیم کے تحت پرائمری سکولوں میں اندراج طالب علموں سے گفتگو کی اور بی آئی ایس پی بینیفشری کمیٹی اور معززین علاقہ سے ملاقاتیں کیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بی آئی ایس پی وزیر اعظم کے بلوچستان کی ترقی کے پیکج کی تکمیل کررہا ہے کیونکہ بی آئی ایس پی نہ صرف معاشی اور تعلیمی بہتری بلکہ غذائیت، صحت اور خواتین کی بااختیاری کیلئے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1,95,145 مستحقین کو مالی معاونت فراہم کرنے کے علاوہ بی آئی ایس پی نے وسیلہ تعلیم کے تحت بلوچستان میں 33,320 ، آوران میں 2151، گوادر میں 13,166 ، جھل مگسی میں 8,472 ، لورالائی میں 3,827 ، موسی خیل میں 1,009 اور نوشکی میں 4,695 بچوں کا پرائمری سکولوں میں اندراج کیا ہے۔

چیئرپرسن نے گوادر کی مستحق ماؤں کو بلوچستان میں سکولوں میں زیادہ بچوں کے اندراج پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم بلوچستان کیساتھ مشاورت کے بعدمارچ 2018سے وسیلہ تعلیم کو مزید چار اضلاع کوہلو، نصیر آباد، قلعہ عبداللہ اور شیرانی میں شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین اپنے بچوںکو غذائیت سے بھر پور خوراک دیں تاکہ ان کی ذہانت اور تعلیمی کارکردگی میں بہتری آئے اور انہیں ملازمت کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ آمدنی میں اضافے اور بے روزگاری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وزیر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مستحقین بی آئی ایس پی وظیفے کی رقم میں سے بچت کریں اور بی آئی ایس پی ای۔کامرس اقدام کے تحت روایتی دستکاریاں اور مصنوعات بنانے میں سرمایہ کاری کریں تاکہ وہ غربت سے باہر نکل سکیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *