ورچوئل یونیورسٹی کے نئے ریکٹر کیلئے پنجاب یونیورسٹی کا پروفیسر فیورٹ
- December 16, 2017 6:53 pm PST
اسلام آباد
ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کے نئے ریکٹر کی تقرری کیلئے سمری بورڈ آف گورنرز کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔ اس سمری میں تین ناموں کو شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے سابق رجسٹرار ڈاکٹر نعیم خان کا نام بھی سمری میں شامل ہے۔ ریکٹر کے عہدے کے لیے پانچ اُمیدواروں نے بورڈ آف گورنرز کو انٹرویو دیے تھے ۔ یہ انٹرویوز نومبر میں لیے گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سمری میں ورچوئل یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر مسرور الہی بابر کا نام بھی شامل ہے جبکہ لندن ایک اُمیدوار کا سکائپ کے ذریعے انٹرویو لیا گیا ہے۔
ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر نوید اے ملک کی مدت ملازمت پندرہ دسمبر کو مکمل ہو چکی ہے اور اب بورڈ آف گورنرز کی جانب سے اُنہیں نئے مستقل ریکٹر کی تقرری تک عہدے کا چارج دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سمری میں شامل پنجاب یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر نعیم خان کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے تاہم اُن کی تقرری کی حتمی منظوری وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے دی جائے گی۔