امریکہ کا مشن پاکستان: “انگلش ورکس” کے 75 طلباء گریجویٹ ہوگئے

  • July 15, 2017 5:09 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

امریکی قونصلیٹ جنرل کے عوامی رابطہ کاری کے افسر جان وارنر نے 6 ماہ کے پروگرام ’’ انگلش ورکس‘‘ کی کامیاب تکمیل پر 75 طلبہ کو مبارک باد دی۔

پروگرام کی تکیمل پر طلبہ کے اعزاز میں تقریب کراچی کے رائل روڈیل کلب میں منعقد کی گئی۔ ’’انگلش ورکس‘‘ پروگرام کے لیے مالی معاونت ’’مشن پاکستان‘‘ کے علاقائی دفتر برائے انگلش لینگویج پروگرامز نے کی ہے۔

انگلش ورکس کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کاروباری ابلاغیات کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور پیشہ ورانہ سطح کی انگریزی مہارت پیدا کرنا ہے تاکہ انھیں تعلیم اور ملازمت کے شعبوں میں بہتر مواقع میسر آسکیں اور بہت سی صورتوں میں وہ بہتر آمدن کے ذریعے اپنے گھروالوں کی کفالت کرسکیں۔

یہ پروگرام نوجوانوں کو امریکی اقدار مثلاً رضاکاریت اور ثقافتی و مذہبی تکثیریت سے بھی روشناس کراتا ہے۔

جان وارنر نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ نے گزشتہ چھ مہینے اس پروگرام میں جس محنت، توجہ اور دل جمعی سے شرکت کی وہ قابل تعریف ہے، مجھے امید ہے آپ انگریزی کی مہارت کے ذریعے مواقع تلاش کریں گے اور مزید نئی مہارتیں سیکھیں گے۔‘‘

تقریب میں ’’ایولیوشن‘‘ کی سی ای او سدرہ ناز، ڈائریکٹر پروگرام شعیب صدیقی اور امریکی قونصلیٹ کے اسسٹنٹ کلچرل افسر ڈینیئل لی نے بھی شرکت کی۔

انگلش ورکس پروگرام کا مقصد ناکافی وسائل رکھنے والے 18 سے 25 سال کی عمر کے پاکستانی نوجوانوں کی ملازمت سے متعلق انگلش اور عملی زندگی کی مہارتوں میں اضافہ کرنا ہے، اس پروگرام کے ذریعے ہفتے میں 12 گھنٹے کی کلاسوں میں انگریزی ذخیرہ الفاظ، گرامر اور دفتروں میں استعمال ہونے والی انگلش زبان سکھائی جاتی ہے۔

پاکستان بھر کے 400 طلبہ کو تربیت دینے والے اس پروگرام کے تحت ’’سی وی‘‘ تیار کرنے، نوکری کے لیے انٹرویو اور ملازمت کی جگہ کے طور طریقوں سے متعلق مختلف سیمینار اور کانفرنسیں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *