زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا انٹری ٹیسٹ کا شیڈول جاری
- May 26, 2017 1:00 pm PST
فیصل آباد
یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد نے مین کیمپس اور سب کیمپسز میں انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ گیارہ جولائی مقرر کی گئی ہے۔
یونیورسٹی نے انٹری ٹیسٹ کی پالیسی میں کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کا امتحان دینے والے طلباء وطالبات اس امتحان میں شرکت کر سکتے ہیں تاہم طلباء کو عبوری داخلے دیے جائیں گے۔
یہ داخلہ پنجاب کے کسی بھی تعلیمی بورڈ سے پاس کردہ میڑک، انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور انٹری ٹیسٹ میں حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر دیا جائے گا۔ بی بی اے ان ایگری بزنس میں داخلہ پچاس فیصد تعلیمی قابلیت اور پچاس فیصد انٹرویوز میں نمبروں کی بنیاد پر ہوگا۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے فیکلٹی آف ایگریکلچر، فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، فیکلٹی آف ویٹرنری سائنس، انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی فزیالوجی اینڈ فارماکالوجی، فیکلٹی آف سائنسز، فیکلٹی آف فوڈ نیوٹریشن اینڈ ہوم سائنسز اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز میں داخلوں کا اعلان کیا ہے۔
زرعی یونیورسٹی کے ٹوبہ ٹیک سنگھ، بورے والا اور دیپالپور کے سب کیمپسز میں بھی داخلے کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی نے طلباء کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 750 روپے کا چالان فارم حاصل کر کے پاکستان بھر میں مسلم کمرشل بنک کی کسی بھی برانچ میں جمع کراسکتے ہیں جبکہ انٹری ٹیسٹ دینے کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اپنے کوائف درج کریں۔
یہ انٹری ٹیسٹ 23 جولائی کو پنجاب کے تیرہ اضلاع میں منعقد ہوں گے۔ یونیورسٹی نے یہ ٹیسٹ منعقد کرنے کے لیے فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، لیہ، ملتان، رحیم یار خان، راولپنڈی، سرگودھا میں امتحانی مراکز بنائے ہیں۔
یہ ٹیسٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ، وہاڑی، بورے والا، دیپالپور اور بہاولپور میں منعقد ہوں گے۔ طلباء کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ٹیسٹ دینے کے لیے اپنے ہمراہ امتحانی گتہ بھی ساتھ لائیں۔