لاہور بورڈ کے ملازم کا اے لیول کی جعلی ڈگریاں بنانے کا انکشاف

  • May 5, 2017 10:49 pm PST
taleemizavia single page

رپورٹ

لاہور میں اے لیول کی جعلی ڈگریاں بننے کا انکشاف ہوا ہے اور ایک لاکھ روپے میں اے لیول کی ڈگری فروخت ہونے لگی ہے۔ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں اے لیول کی جعلی ڈگری پر داخلہ لینے والے طالبعلم کو پکڑ لیا گیا ہے۔

یو ایم ٹی لاہورکی جانب سے ابتدائی تحقیق کی گئی جس پر ٹاؤن شپ تھانے میں ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی ہے۔

یونیورسٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ لاہور بورڈ کا ملازم جعلی ڈگری بنانے کے کاروبار میں ملوث میں ہے۔ یو ایم ٹی کی جانب سے درج کرائی جانے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق لاہور بورڈ کا سیکریسی آفیسر عبد الجبار کی معاونت سے اے لیول کی جعلی ڈگری بنوائی گئی ہے جس پر یونیورسٹی نے بورڈ حکام کو بھی بذریعہ خط آگاہ کر دیا ہے۔

یونیورسٹی کے مطابق اے لیول کی جعلی ڈگری کی تصدیق اُس وقت ہوئی جب ریکارڈ کی چھان بین کرائی گئی تو طالبعلم کا نام ہی ریکارڈ میں موجود نہیں تھا۔

یو ایم ٹی نے پولیس حکام کو بھی جعلی ڈگری بنانے میں ملوث گروہ کو پکڑنے کی درخواست جمع کرادی ہے جبکہ ایف آئی آر کی بنیاد پر ٹاؤن شپ تھانے کی پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

یو ایم ٹی کے ریکٹر ڈاکٹر حسن صہیب مراد نے آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی معاونت سے جعلسازی سے اے لیول کی ڈگری تیار کرانے والے طالبعلم کا پتہ لگایا گیا ہے اور اب لاہور بورڈ کے ملازم کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے جمع ہونے والی تعلیمی اسناد کی مکمل چھان بین کرائی جاتی ہے اور جعلی ڈگری کی بنیاد پر داخلہ لینے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *