یو ای ٹی: رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات کو فارغ کرنے کا حکم جاری

  • March 14, 2017 11:59 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات اور ڈپٹی رجسٹرار کی غیر قانونی تعیناتی پر عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یو ای ٹی کے وائس چانسلر کو محکمہ نے حکم جاری کیا ہے کہ رجسٹرار سمیت تینوں افسران سے تنخواہوں کی ریکوریاں بھی سات روز میں کی جائیں۔

محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب نے وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر فضل احمد خالد کے نام اپنے مراسلے میں حکم جاری کیا ہے کہ رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات، ڈپٹی رجسٹرار کی ضوابط کے خلاف تقرریاں غیر قانونی ہونے کی بناء پر اُنہیں عہدوں سے فوری فارغ کیا جائے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے متن کے مطابق سترہوویں گریڈ سے اگلے گریڈ میں ترقی کے لیے پرائیویٹ ادارے کا تجربہ سرکاری نوکری کے لیے قابل قبول نہیں ہوتا اور پرائیویٹ ادارے کا تجربہ ترقی کے لیے بھی قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔

رجسٹرار کی تقرری پر ریذیڈنٹ آفیسر یو ای ٹی نے بھی تحفظات کا اظہار کر رکھا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ان عہدوں پر تقرریوں پر جو آڈٹ پیراگراف لگائے گئے ہیں وہ قانون کے عین مطابق ہیں اور قانون کے برعکس مذکورہ عہدوں پر تعینات افسران کو فارغ کیا جائے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے حکم جاری کیا ہے کہ وائس چانسلررجسٹرار، کنٹرولر اور ڈپٹی رجسٹرار کو عہدوں سے ہٹانے کے بعد انہیں تنخواہوں کی مد میں دیے جانے والی پیسے بھی واپس وصول کیے جائیں۔ وائس چانسلر کو محکمہ نے حکم دیا ہے کہ وہ 7 روز میں اس عمل کو مکمل کریں۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے بیس جنوری 2017ء کو وائس چانسلر کے نام پہلا مراسلہ لکھا تھا جس میں رجسٹرار کی تقرری پر تحفظات کی نشاندہی کی گئی تھی جبکہ فروری کے مہینے میں جاری کیے گئے دوسرے خط میں رجسٹرار کو عہدے سے ہٹانے کی وارننگ دی گئی تھی۔

HED on UET

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *