وزیر داخلہ احسن اقبال کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری دینے کی منظوری

  • September 20, 2017 10:17 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے وائس چانسلر کی سفارش پر پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال کو اعزازی طور پر پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے احسن اقبال کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کا ایجنڈا سنڈیکیٹ میں دوبارہ پیش کیا جسے آج سنڈیکیٹ نے منظور کر لیا ہے۔ سنڈیکیٹ کے گزشتہ اجلاس میں احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی مخالفت کی گئی تھی۔

وائس چانسلر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ احسن اقبال یو ای ٹی کے گریجویٹ ہیں اور اُنہوں نے ملکی ترقی کے لیے لازوال خدمات سرانجام دیں جس کی بناء پر اُنہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کی جائے۔

یو ای ٹی کے آئندہ کانووکیشن کے اجلاس میں احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔ واضح رہے کہ یو ای ٹی اس سے قبل سترہ سال تک یونیورسٹی کے وائس چانسلر رہنے والے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم خاں کو بھی پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری کانووکیشن میں جاری کی تھی۔

خیال رہے کہ احسن اقبال یو ای ٹی میں دوران طالبعلمی اسلامی جمعیت طلباء کے پلیٹ فارم سے سٹوڈنٹ یونین کے صدر رہے تھے۔

یونیورسٹی اساتذہ نے احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے پر رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اساتذہ کا موقف ہے کہ وائس چانسلر کا ٹینور ختم ہونے میں پندرہ مہینے باقی ہیں اور اُنہوں نے اپنا وائس چانسلر شپ کا دوسرا ٹینور حاصل کرنے کے لیے بطور رشوت احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری کی منظوری حاصل کی ہے۔

اساتذہ نے سوال اٹھایا ہے کہ احسن اقبال نے قومی سطح پر ایسی کیا خدمات سر انجام دیں ہیں کہ اُنہیں عظیم ترین انجینئرنگ کے ادارے سے پی ایچ ڈی کی ڈگری دی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *