ٹی ٹی ایس، ایڈہاک پروفیسرز ریگولر فیکلٹی کی کیٹیگری سے باہر
- January 7, 2018 9:41 pm PST
اسلام آباد
پاکستان کی سرکاری جامعات میں ٹینور ٹریک سسٹم کے تحت تعینات اساتذہ کو ریگولر فیکلٹی کی کیٹیگری سے نکال دیا گیا ہے اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے وائس چانسلرز کے نام مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
ایچ ای سی کے تحت ٹینور ٹریک سسٹم میں اسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کو ملک کی سرکاری جامعات میں تعینات کیا گیا ہے جنہیں سپیشل پیکج کے تحت بی پی ایس کی نسبست دو گنا تنخواہیں دی جاتی ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹینور ٹریک ریویو کمیٹی کے اجلاس میں ریگولر فیکلٹی سے متعلق تفصیلی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق ٹی ٹی ایس اساتذہ سمیت ایڈہاک پر تعینات اساتذہ بھی ریگولر فیکلٹی کی کیٹیگری میں شامل نہیں ہوں گے اور ان کے تجربے کو بھی ریگولر فیکلٹی کے تجربے میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
اسی طرح ایچ ای سی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ یونیورسٹیز میں اساتذہ کے ساتھ کام کرنے والے ریسرچ اسسٹنٹ، ریسرچ ایسوسی ایٹ اور وزیٹنگ فیکلٹی بھی اس کیٹیگری میں شامل نہیں ہوں گے۔
ایچ ای سی کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن نے باقاعدہ طور پر مراسلہ جاری کیا ہے۔
اس سے پہلے ایچ ای سی نے ٹی ٹی ایس اساتذہ پر پاپندی عائد کی تھی کہ اُنہیں یونیورسٹی میں انتظامی عہدوں پر تعینات نہیں کیا جاسکتا۔