سکولوں کی سالانہ چھٹیوں کے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ

  • January 16, 2017 11:21 am PST
taleemizavia single page

کراچی/صفدر رضوی

محکمہ سکولز ایجوکیشن سندھ نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما اور موسم گرما کی چھٹیوں کو موسمی تغیر سے ہم آہنگ کرنے کے لیے شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جس پر آئندہ تعلیمی سیشن دو ہزار سترہ اٹھارہ میں نافذ کر دیا جائے گا۔

آئندہ مہینے اسٹئیرنگ کمیٹی کے منعقد ہونے والے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے افسران کو بھی مدعو کیا گیا ہے اس اجلاس میں سکولوں میں چھٹیوں کے شیڈول کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

محکمہ سکولز ایجوکیشن کے افسران نے بتایا ہے کہ سردیوں کی چھٹیاں آئندہ سال سے جنوری میں جبکہ گرمیوں کی چھٹیاں مئی کے وسط سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن جمال مصطفیٰ سید نے چھٹیوں کے شیڈول میں تبدیلی کی خبر کی بھی تصدیق کر دی ہے۔

اُنہوں نے بتایا ہے کہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے افسران کراچی سمیت پورے سندھ میں گزشتہ چند سالوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پیٹرن پر بریفنگ دیں گے۔ سیکرٹری کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیاں جون سے جولائی تک ہوتی ہیں جبکہ جولائی کا موسم قدرے خوشگوار ہوتا ہے جبکہ سردیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد جب بچے سکول واپس آتے ہیں تو سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہوتا ہے۔

دو ہزار سولہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے پر چھٹیوں کا اعلان شیڈول کے برعکس اُنیس مئی کو ہی کر دیا گیا تھا اور یہ چھٹیاں چوبیس جولائی تک جاری رہیں تھیں۔ واضح رہے کہ محکمہ نے موسمیاتی تبدیلی کو مد نظر رکھتے ہوئے چھٹیوں کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *