گو نواز گو کے نعرے لگانے پر لاہور سے تین طالبعلم گرفتار
- April 22, 2017 6:36 pm PST
لاہور
پاکستان ریلویز کے تحت سالانہ سپورٹس مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرنے کے لیے خواجہ سعد رفیق پہنچے اور خطاب کے دوران ہی پاکستان ریلوے اسٹیڈیم گڑھی شاہو لاہور میں موجود کھلاڑیوں اور طلباء نے گو نواز گو کے نعرے لگانا شروع کر دیے۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا خطاب ابھی مکمل ہی نہیں ہوا تھا کہ ریلوے کے سکولز اور کالجز سے بلائے گئے طلباء نے ہی گو نواز گو کے نعرے لگا دیے اور خواجہ سعد رفیق کو اپنا خطاب اُدھورا چھوڑنا پڑا۔
طلباء کی جانب سے گو نواز گو کے نعروں پر ریلوے پولیس نے گراؤنڈ سے تین طالبعلم کو گرفتار کر لیا اور پولیس اہلکار اُنہیں اپنے ساتھ لے گئے۔
سپورٹس مقابلوں کی تقریب میں گو نواز گو کے نعروں پر طلباء کی گرفتاری پر سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔
وزیر ریلوے پاکستان خواجہ سعد رفیق سالانہ سپورٹس مقابلوں کی اختتامی تقریب سے اپنا خطاب چھوڑ کر چلے گئے۔
تین طالبعلم کھلاڑیوں کو حراست میں لینے پر قانونی ماہرین کا موقف ہے کہ پولیس نے کس قانون کے تحت طالبعلم کو حراست میں لیا ہے؟ پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی کی جانب سے طلباء کو حراست میں لینے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
سٹیڈیم سے حراست میں لیے گئے طالبعلموں کا تاحال معلوم نہیں کہ پولیس نے اُنہیں کس جگہ منتقل کیا ہے۔