نویں جماعت کی بنیاد پر گیارہویں میں داخلہ کی تجویز مسترد
- February 13, 2018 11:43 am PST

کراچی: صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس کوئی بڑی تبدیلی لائے بغیر ختم ہو گیا۔ موسم سرما کی تعطیلات جنوری میں کرنے اور رمضان المبارک کے پیش نظر موسم گرما کی چھٹیوں میں رد و بدل سمیت گیارہویں جماعت کے طلبہ کا قیمتی وقت بچانے کیلئے داخلے نویں جماعت کی بنیاد پر کیے جانے کا فیصلہ بھی نہیں ہو سکا۔
نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 29؍ مارچ سے ہوں گے جبکہ ان کے نتائج کا اعلان اندرون سندھ کے بورڈز 15؍ جولائی تک جبکہ کراچی بورڈ 31؍ جولائی تک کرے گا، اسی طرح گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 24 اپریل سے شروع ہوں گے جبکہ اندرون سندھ کے تمام بورڈز ان امتحانات کے نتائج کا اعلان 31 اگست تک جبکہ کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ 15؍ ستمبر تک کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق، سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کی زیر قیادت ہونے والے اجلاس میں وزیر تعلیم نے نقل کے معاملے پر انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد کی سخت سرزنش کی اور کہا کہ نقل اور پرچہ آئوٹ ہونے کے معاملات ناقابل برداشت ہیں اور اس میں بورڈ کا عملہ ملوث تھا۔
اجلاس میں سیکریٹری کالجز پرویز سیہڑ نے طلبہ کا قیمتی وقت بچانے کیلئے نویں جماعت کی بنیاد پر گیارہویں جماعت میں داخلہ دینے کی میٹرک بورڈ کے چیئرمین کی تجویز مسترد کردی اور اصرار کیا کہ میٹرک کے بعد ہی گیارہویں جماعت میں داخلے ہوں گے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تعطیلات کے حوالے سے بھی کوئی بڑا اور دانشمندانہ فیصلہ نہیں کیا جا سکا جس کے باعث صوبے بھر کے لاکھوں طلبا اور اساتذہ کو رمضان المبارک کا نصف مہینہ شدید گرمی کے باوجود تعلیمی اداروں میں ہی گزارنا پڑے گا۔
رواں برس رمضان المبارک کا آغاز 16؍ مئی سے متوقع ہے اور اسی دوران لاکھوں طلبا شدید گرمی کے موسم میں امتحانات میں مصروف ہوں گے۔ صو با ئی وزیر تعلیم و خواندگی جا م مہتا ب حسین ڈہر کی زیرصدارت تعلیم پر اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلا س میں نرسری تا تیسری جماعت اسکولوں کے ابتدائی پانچ برس کی تعلیم کو غیر اہم خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق 2018ء میں تیسری جماعت تک تمام طلبا کو ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اگلی جماعتوں میں ترقی دی جا ئے گی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبے بھر میں تعلیمی سال یکم اپریل 2018ء سے، او اور اے لیول کا تعلیمی سال یکم اگست سے جبکہ کالجز کا تعلیمی سال یکم اگست 2018ء سے شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 31؍ مارچ تک کر دیا جائے گا۔