پی ٹی آئی کا سندھ کے پرائیویٹ سکولز میں ڈانس کلاس کے خلاف وزیر تعلیم کو خط
- October 6, 2016 10:22 pm PST
کراچی
سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے قانون ساز ممبران نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ایسے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کرے جہاں نصاب میں ڈانس کلاسز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ کے نام لکھے گئے اس خط میں ان سکولوں کے خلاف مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حلقہ پی ایس 122 کلفٹن کے خرم شیر زمان کی جانب سے وزیر تعلیم سندھ جام مہتاب کو 21 ستمبر کو خط لکھا تھا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ڈانس کلاسز کو رکوانے کے لیے کارروائی کرے۔
ڈانس ماسٹرز نے اس خط پر رد عمل کا اظہار کیا ہے کہ سندھ میں کوئی بھی ایسا سکول موجود نہیں ہے جہاں ڈانس کلاسز متعارف کرائی گئی ہوں۔
وزیر تعلیم سندھ کے نام لکھے اس خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسلامی جمہوریہ ہے لہذا ملکی قوانین کے مطابق سکول میں ڈانس کلاس پر پاپندی ہونی چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسلامی قوانین، روایات اور آئین پاکستان کے تحت ان سکولوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔