سندھ: ڈاکٹر عاصم حسین کو نوازنے کیلئے نجی تعلیمی بورڈ کا مسودہ تیار

  • August 20, 2017 2:34 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: صفدر رضوی

سندھ حکومت نے اپنے سرکاری تعلیمی بورڈز پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے اور اب سرکاری تعلیمی بورڈز کے مقابلے پر صوبائی سطح پر ضیاء الدین سیکنڈری امتحانی بورڈ کے نام سے نجی بورڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بورڈ کے قیام کے لیے قانون سازی کا پہلا اجلاس کل بروز سوموار وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکرٹیریٹ برائے یونیورسٹیز ایںڈ بورڈز کے ایڈیشنل سیکرٹری، انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد، حیدر آباد تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد میمن اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ بھی اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس اجلاس میں سندھ کے ماہرین تعلیم اور کراچی بورڈ کے سابق چیئرمین کی جانب سے تیار کردہ قانونی مسودہ غور کے لیے پیش کیا جائے گا۔

یہ تعلیمی بورڈ نجی طور پر کام کرے گا اور ضیاء الدین یونیورسٹی سے منسلک ہوگا جس کے سربراہ سابق وزیر پٹرولیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم حسین ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں ایک نجی تعلیمی بورڈ آغا خان یونیورسٹی بورڈ کے نام سے وجود میں آیا ہے جس کی اجازت قومی اسمبلی سے بل کی منظوری کی صورت میں لی گئی تھی۔ پاکستان میں کسی بھی صوبے میں کوئی تعلیمی بورڈ صوبائی بنیاد پر کام نہیں کرتا۔

ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ ملک کا پہلا بورڈ ہوگا جو صوبائی سطح پر حکومت سندھ کی سرپرستی میں قائم ہورہا ہے۔ حکومت ایک جانب اس بورڈ کے قیام کے لیے قانون سازی کر رہی ہے دوسری جانب سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز کو سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء سے اینرولمنٹ اور امتحانی فیسیں لینے سے روکا جا چکا ہے۔

اور اس مد میں آنے والی رقم کے عوض سرکاری بورڈز کو فںڈز فراہم نہیں کیے جارہے جس سے بورڈز مشکلات کا شکار ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *