سرکاری کالجوں پر انٹرمیڈیٹ کی داخلہ فیس لینے پر پاپندی عائد

  • July 29, 2017 4:04 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے صوبے کے سرکاری کالجوں کو انٹرمیڈیٹ سال اول و دوئم کی داخلہ فیسوں کی وصولی سے روک دیا گیا ہے اس ضمن میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی پروفیسر معشوق بلوچ نے مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔

اس مراسلہ میں کراچی کے ایک سو پینتیس سرکاری کالجوں کے پرنسپلز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ حکومت سندھ کی واضح ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ کے طلباء سے داخلہ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

اس گشتی مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بعض سرکاری کالجوں میں تعلیمی سیشن دو ہزار سترہ اٹھارہ میں داخلوں کے لیے طلباء سے فیس وصول کیے جانے کی اطلاعات ہیں جس پر حکام نے سخت نوٹس لیا ہے جس میں طلباء سے سرکاری و غیر سرکاری فنڈز اور کتابچے کی مد میں رقم وصول کی گئی ہے۔

مراسلہ میں کالج پرنسپلز کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ اگر اس حوالے سے طلباء سے فیسیں وصول کی گئی ہیں تو یہ فوری طور پر واپس کر دی جائیں۔

محکمہ ایجوکیشن نے کراچی دفتر میں ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے جہاں پر طلباء اور والدین کی فیسوں سے متعلق شکایات درج کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ سرکاری کالجوں میں طلباء سے فیسوں کی مد میں پانچ سو پچاس روپے وصول کیے جاتے تھے طلباء کی مجموعی داخلوں سے حاصل ہونے والی اس رقم سے کالج انتظامیہ اپنے اداروں میں مختلف اخراجات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی کمی کے سبب جز وقتی اساتذہ کی تنخواہیں ادا کرتی تھی تاہم اب کالجوں کو داخلہ فیسوں کی وصولی سے روک دیا گیا ہے۔

اس مد میں حکومت سندھ کی جانب سے کالجوں کو کسی قسم ک فنڈ جاری کرنے کے سلسلے میں کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ حکومت سندھ کی جانب سے کالجوں کو فیسوں کی وصولی روکنے کے بعد فنڈز فراہم نہ کیے جانے کی صورت میں سرکاری کالجوں میں مالی بحران کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ حکومت سندھ صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کو بھی سرکاری تعلیمی اداروں کے طلباء سے داخلہ اور امتحانی فیسوں کی وصولی سے روک چکی ہے۔ تاہم ان تعلیمی بورڈز سے کہا گیا ہے کہ فیسوں کی مد میں ملنے والی رقم بورڈز کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی، سرکاری کالجوں کے حوالے سے تاحال ایسا کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *