سینیٹ کمیٹی، یونیورسٹی اُستاد کی ریٹائرمنٹ 65سال کرنیکی سفارش
- December 24, 2017 12:55 pm PST
اسلام آباد
سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے ڈیو ولوشن نے یونیورسٹی ٹیچرز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65سال کرنے اور انہیں ٹیکسوں میں 75فیصد چھوٹ دینے کی سفارش کی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر میر کبیر احمد شاہی کی صدار ت میں اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے بھی شرکت کی۔
کمیٹی نے اپنے اجلاس میں آل پاکستان ٹیچرز ایسوسی ایشن کی پبلک پٹیشن میں اٹھائے گئے نکات کا تفصیلی جائزہ لیا جس میں اس پٹیشن میں کہا گیا کہ 18ویں ترمیم کے تحت اختیارات صوبوں کو منتقل ہو چکےہیں مگر صوبائی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں صوبائی حکومت کے معاملات فنڈنگ اور تعلیمی معیار کے حوالے سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن مداخلت کرتا ہےجس کا 18ویں ترمیم کے تحت اسے کوئی اختیار نہیں۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے کمیٹی کو بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن صوبوں میں یونیورسٹیوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے اور اختیارات کی منتقلی کے بعد ہائیر ایجوکیشن کمیشن تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے اور قومی بنیادوں پر تعلیم کی بہتری کےلئے تعاون کر رہا ہے۔
سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ حالیہ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس کے سربراہ وفاقی وزیر تعلیم ہونگے جو صوبائی اور فیڈرل ایجوکیشن کمیشن کے اختیارات کا تعین کرے گی۔
اجلاس میں پی ٹی ڈی سی کے اثاثوں کی صوبوں کو منتقلی کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے صورتحال سے آگاہ کیا اور لیگل ایڈوائزر نے بھی اس حوالے سے بریفنگ دی۔
اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سینیٹرز تاج حیدر ، کامل علی آغا، الیاس بلور، لیاقت خان ترکئی، سسی پلیجو کے علاوہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ افسران اور کیبنٹ ڈویژن کے حکام نے شرکت کی۔