سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن بلوچستان عبداللہ جان اغوا
- March 15, 2017 11:56 am PST
کوئٹہ
بلوچستان کے سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن عبداللہ جان کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق عبداللہ جان کو کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ سے اُس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اپنے گھر سے دفتر جارہے تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان کو ہدایات جاری کیں کہ مغوی کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔
عبداللہ جان کی بازیابی کے لیے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز بھی کردیا گیا تاہم تاحال عبد اللہ جان سے متعلق کوئی ٹھوس شواہد نہیں ملے۔
صوبہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جو فرقہ وارانہ کشیدگی اور شدت پسندوں کی سرگرمیوں کا شکار ہے اور تعلیمی اداروں سے منسلک افسران، اساتذہ اور طلبا کے ساتھ اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔
اس سے قبل مئی 2014 میں بھی بلوچستان کے ضلع جعفرآباد سے نامعلوم مسلح افراد نے اسکول جانے والے ہندو برادری کے پانچ بچوں کو اغوا کر لیا تھا۔