سندھ محکمہ سکولز میں 162 افسران کی تقرریوں میں بے ضابطگیاں
- June 1, 2018 10:59 pm PST
کراچی
صوبائی محکمہ اسکولز ایجوکیشن کے 18گریڈ کے افسران کی تعیناتی میں سنگین بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ذرائع کے مطابق سکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈاکٹر اقبال درانی کو بھی سکیشن افسران اور ڈپٹی سکریٹری نے اصل صورتحال سے آگاہ نہیں کیا۔
یہ تعیناتیاں اس وقت کی گئی ہیں جب الیکشن کمیشن نے تبادلے اور تقرریوں پر پابندی عائد کررکھی ہے بتایا جاتا ہے کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے 17 گریڈ کے ہیڈماسٹرز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹ کوگریڈ18 میں ترقی دینے کے بعد انتہائی عجلت میں 162افسران کی تعیناتی کردی ہے جن میں 109میل اور 53فیمل شامل ہیں۔
ان تعیناتی میں سندھ کے کسی ڈائریکٹرز کوبھی اعتماد میں نہیں لیا گیا نہ ہی ان کی تجاویز مانگی گئیں، بعض ایسی اسامیوں پر تعیناتیاں کردی گئی ہیں جو کئی برس قبل ختم کی جاچکی ہیں خیرپور سے قادربخش رند کو ڈی اوسمیزاورخیرپور ہی سے عبدالرزاق میمن کو ڈی او سمیز سکھر تعینات کیا گیا ہے جس کی سیمز کی اسامی 10 برس قبل ختم کی جاچکی ہے ڈی او سیکنڈری ضلع وسطی ارشد بیگ بھی تبادلے کی زد میں آگئے۔
وہ عمرے کے لیے رخصت پرہیں ان کی جگہ چمن لال کو ڈی او سکینڈری مقررکردیا گیا ہے کمپری ہینسو اسکول عزیزآباد میں بیک وقت دو پرنسپلز کو تعینات کردیا گیا ہے۔ اس طرح کی کئی اور سنگین بےقاعدگیاں کی گئی ہیں بعض افسران کو خلاف ضابطہ ترقی دی گئی ہے جب کہ وہ اہل نہیںتھے اسی طرح کے کئی افسران کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔