تین ہزار افغان طلباء کو پاکستان میں مفت تعلیم دینے کا منصوبہ

  • September 29, 2017 1:40 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: عاصم قریشی

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے افغانستان کے تین ہزار طلباء کو ملک کی یونیورسٹیز میں مفت تعلیم فراہم کرنے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔ علامہ محمد اقبال سکالر شپ سکیم کے تحت افغانستان کے طلباء کو پاکستان میں میڈیکل، انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن اور زراعت کے شعبوں میں تعلیم فراہم کرنے کے لیے تمام اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔

پہلے مرحلے میں بھی افغانستان کے تین ہزار طلباء کو سکالر شپ کے تحت تعلیم دینے کا منصوبہ مکمل کیا جاچکا ہے۔

اس ضمن میں لاہور میں ایچ ای سی کے تحت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب ملک رفیق احمد رجوانہ نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر مختار احمد، افغان ایجوکیشن منسٹر کے ایڈوائزر، امان اللہ فقیری،پاکستان میں افغانستان کے سفیر، عمر ذخیلوال، افغانستان میں پاکستان کے سفیر زاہد نصراللہ بھی موجود تھے۔

اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی نے ڈاکٹر مختار احمد نے بتایا کہ افغانستان کے طلباء کو پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر مضبوط تعلقات پیدا ہوں گے۔ اُن کا کا کہنا تھا کہ سکالر شپ دینے کے لیے ایچ ای سی نے افغانستان میں داخلہ ٹیسٹ کے ذریعے سے طلباء کا انتخاب شفافیت کی بنیاد پر کیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس اسکالرشپ اسکیم کی پہلی فیز مکمل ہو چکی ہے اور افغان طلبہ اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے ملک واپس جا چکے ہیں ۔

گورنر پنجاب ملک رفیق احمد رجوانہ نے طلباء سے خطاب میں کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے تعلقات تاریخی ہیں اور ہمیں کسی تیسرے ملک کی سازشوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ افغانی طلبہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد افغانستان میں ہمارے سفیر ہوں گے۔ ہم نے ان طلبہ کی بہترین مہمان نوازی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو اعلی تعلیمی سہولیات فراہم کرنی ہیں کیونکہ یہی طلبہ افغانستان کا مستقبل ہیں۔

امان اللہ فقیری ، افغانستان ایجوکیشن منسٹر کے ایڈوائزر نے اس موقع پر بتایا کہ انھوں نے بھی پاکستان سے ہی تعلیم مکمل کی ہے ۔ انھوں نے طلبہ کو کہا کہ ان کو پاکستان سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس جا کر پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات میں بہتری کے لیے کام کرنا ہے کیونکہ یہ طلبہ تبدیلی کے نمائندے ہیں ۔

زاہد نصر اللہ خان جو افغانستان میں پاکستان کے سفیر ہیں ، نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔ انھوں نے افغانی طلبہ کو بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے 100 خواتین طلبہ کو اسکالر شپ فراہم کیے جائیں گے کیونکہ افغان خواتین میں خواندگی کی شرع بہت کم ہے۔ مزید براں ان کا کہنا تھا کہ ہر ماہ 3000 افغان شہریوں کو پاکستانی ویزہ فراہم کیا جاتا ہے اور ہر سال تین لاکھ پچاس ہزار افغان شہریوں کو پاکستان کا ویزہ دیا جاتا ہے۔

تقریب کے اختتا م پر چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے افغان طلباء کے پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز میں اُنہیں درپیش مسائل کو دور کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *