یونیورسٹیز و کالجز میں اقلیتی طلباء کو کوٹہ پر داخلہ دینے کا فیصلہ
- April 12, 2018 2:10 pm PST

ملتان
پنجاب کے سرکاری کالجوں اور یونیورسٹیز میں اقلیتی طلباء کو کوٹہ سسٹم پر داخلے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس ضمن میں وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کی سربراہی میں بارہ رُکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔
یہ کمیٹی اقلیتی طلباء جس میں ہندو، سکھ اور عیسائی برادری شامل ہیں انہیں سرکاری تعلیمی اداروں میں کوٹہ سسٹم پر داخلہ دینے کا فارمولہ تشکیل دے گی۔ اس کمیٹی کا کنونیئر صوبائی وزیر پنجاب برائے اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو کو مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب، ایم پی اے رامیش اروڑا، ایم پی اے کانجی سنگھ، ڈی پی آئی کالجز پنجاب ڈاکٹر نصر اللہ ورک، فری لانس جرنلسٹ آصف عقیل کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کمیٹی میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹِ لاہور، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یو ای ٹی لاہور کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں اقلیتی طلباء کو کوٹہ پر داخلہ دینے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔