قائد اعظم یونیورسٹی تصادم؛ 30 طلباء زخمی اورسو طلباء گرفتار

  • May 21, 2017 12:20 am PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ہفتے کے روز بلوچ اور سندھی طلباء کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کل تیس طالبعلم زخمی ہیں جن میں سے تین طلباء کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جو ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یونیورسٹی کی بلوچ کونسل اور سندھی طلباء کی مہران کونسل کے کارکنوں کے مابین آج دو جھڑپیں ہوئیں۔ پہلی جھڑپ میں سندھی طلباء، بلوچ کونسل کے اراکین پہ حملہ آور ہوئے جس میں سات بلوچ طلباء زخمی ہوئے۔ اس حملے کے رد عمل میں تھوڑی دیر میں ہی بلوچ کونسل کے کارکنوں نے سندھی طلباء پر حملہ کیا جس میں مجموعی طور پر 30 طالبعلم زخمی ہوئے اور پانچ بلوچ طلباء شدید زخمی ہیں۔

قائد اعظم یونیورسٹی اور اسلام آباد یونیورسٹی کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور تاحکم ثانی بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی کے ہاسٹل کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔

اس جھڑپ کے دوران پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہنگامہ آرائی کرنے والے طلباء پر شیلنگ کی جبکہ ہاسٹلز سے کچھ طلباء کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ہاسٹل ایریا میں ہونے والی اس جھڑپ میں زخمیوں کو ایمبولینسز کے ذریعے سے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یونیورسٹی ذرائع کے مطابق رینجرز اور پولیس کی ہاسٹل میں مشترکہ کارروائی میں اب تک سو سے زائد طلباء کو حراست میں لیا گیا ہے۔ عینی شاہد کے مطابق اس ہنگامہ آرائی کے دوران فائرنگ کا بھی تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی طالبعلم کو گولی نہیں لگی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *