پنجاب یونیورسٹی: تعمیراتی پراجیکٹ میں 2 کروڑ 19 لاکھ کا گھپلا
- May 10, 2017 8:41 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی میں تعمیراتی کاموں میں 2 کروڑ 19 لاکھ روپے کی گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے۔ یونیورسٹی میں تعمیراتی پراجیکٹس مکمل کرنے کے بعد کاغذی کارروائی پوری کرنے کے لیے اخبارات میں آج ٹینڈر اشتہارات جاری کر دیے۔
پنجاب یونیورسٹی میں دو مہینوں میں 2 کروڑ 19 لاکھ روپے کے قوانین کے خلاف ٹھیکے دے دیے گئے۔ قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کی منظوری دی۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے تعمیراتی کام مکمل کرانے کے بعد اب ٹینڈرز جاری کر دیے۔ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں فیصل آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد ٹینڈر جاری کیا گیا ہے فیصل آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش پر 6 لاکھ 79 ہزار روپے خرچ کیے گئے۔
پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے ایڈمن بلاک پر راک وال، رنگ و روغن، لوگو کی تنصیب مکمل کرانے کے بعد ٹینڈر جاری کیا گیا ہے اور اس بلاک پر یونیورسٹی خزانے سے 5 لاکھ 59 ہزار روپے خرچ کیے گئے ہیں۔
نیو کیمپس میں وائس چانسلر آفس کے فٹ پاتھ پر 3 لاکھ 33 ہزار روپے خرچ کرنے کے بعد اور گیٹ نمبر دو کی ری ڈیزائننگ پر 5 لاکھ 59 ہزار روپے خرچ کرنے کے بعد ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔
وائس چانسلرڈاکٹرظفر معین ناصر کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیصل آڈیٹوریم کے سامنے نئے فٹ پاتھ کی تعمیر پر 4 لاکھ 86 ہزار روپے خرچ کرنے کے بعد ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ رہائشی کالونی میں دو گھروں میں تعمیراتی کام پر 30 لاکھ 33 ہزار روپے خرچ کیا گیا ہے۔
زوالوجی ڈیپارٹمنٹ میں بجلی کے کام کی مد میں 9 لاکھ روپے خرچ کرنے کے بعد ٹینڈر جاری ہوا ہے۔ یونیورسٹی کے گیٹ نمبر ایک، دو اور وائس چانسلر ہاؤس تک رنگ و روغن کی مد میں 14 لاکھ روپے خرچ کرنے کے بعد ٹٰینڈر جاری کر دیا گیا۔
ایڈمن بلاک میں ون ونڈو سیل بنانے پر 2 لاکھ 43 ہزار روپے خرچ کرنے کے بعد ٹٰینڈر جاری ہوا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر میں باؤنڈری وال اور ایلومینیم کے کاموں پر 16 لاکھ روپے خرچ کرنے کے بعد ٹینڈر جاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے اپنے پسندیدہ ٹھیکیداروں سے ٹینڈر جاری ہونے سے پہلے کام مکمل کرالیے۔