پنجاب یونیورسٹی: بی اے امتحان میں بے ضابطگیوں کا انکشاف
- April 5, 2017 3:34 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی کے تحت بی اے بی ایس سی سالانہ امتحان 2017ء کا آغاز ہوگیا ہے، ان امتحانات میں 2 لاکھ 27 ہزار اُمیدوار شرکت کر رہے ہیں جس کے لیے لاہور سمیت ملک بھر میں 870 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔
آج پہلے روز انگریزی، عمرانیات اور کشمیریات کے مضمون کے پرچے ہوئے۔ یونیورسٹی کے مرکزی امتحانی مراکز وحدت روڈ پر وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے اچانک دورہ کیا اور امتحانی سنٹرز کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے جب امتحانی عملے کی چیکنگ شروع کی تو معلوم ہوا کہ پرائیویٹ سکولز اور کالجوں کے اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور سرکاری کالجوں کے اساتذہ کو ڈیوٹیاں دینے کا پاپند نہیں بنایا گیا جس پر وزیر تعلیم نے غصے کا اظہار کیا۔
وزیر تعلیم کے استفسار پر سپریڈنڈنٹ نے جواب دیا کہ سرکاری اساتذہ کی عدم دلچسپی اور عدم دسیتابی کے پیش نظر پرائیویٹ سکولوں سے اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں تاہم اس معاملے پر وزیر تعلیم نے سپریڈنڈنٹ سے تحریری طور پر لکھوایا کہ اُنہیں سرکاری کالجوں کے اساتذہ فراہم کیے جائیں۔
وزیر تعلیم سید رضا علی گیلانی نے پرائیویٹ اساتذہ کی ڈیوٹیوں پر کنٹرولر امتحانات سے جواب طلب کر لیا ہے اور کل چھ اپریل سے پرائیویٹ عملے کی ڈیوٹیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی ضوابط کے تحت پرائیویٹ اساتذہ کو امتحانی عملہ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا اور نہ ہی اُنہیں نگرانی کی ڈیوٹیاں دی جاسکتی ہیں۔
دوسری جانب بی اے امتحان کے پہلے پرچے میں ہی وحدت روڈامتحانی مرکز لاہور سے کشمیریات کے طالبعلم سے بوٹی برآمد ہوئی جبکہ وزیر تعلیم نے اصل اُمیدوار کی جگہ پرچہ دیتے ہوئے جعلی اُمیدوار کو بھی پکڑ لیا۔
رول نمبر 091574 علی حیدر شاہ کی جگہ عبد الرحمٰن بی اے انگریزی کا پرچہ دے رہا تھا جسے موقع پر ہی پکڑ لیا گیا۔ عبد الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ سپریڈنٹ نے اُسے پرچہ دینے کے لیے بٹھایا جبکہ اصل اُمیدوار علی حیدر شاہ علامہ اقبال ٹاؤن کا رہائشی ہے اور میرا ہمسایہ ہے۔عبد الرحمن سے علی حیدر شاہ کا اصل شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا۔
اسی امتحانی مرکز سے کشمیریات کے طالبعلم محمد علی رولنمبر 45004 سے بوٹی برآمد ہوئی جس کے خلاف موقع پر ہی یو ایم سی بنا دی گئی ہے۔
جعلی اُمیدوار عبد الرحمن کو یونیورسٹی نے پولیس کے حوالہ کر دیا ہے جبکہ اصل اُمیدوار علی حیدر شاہ کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائے گی۔
سید رضا علی گیلانی کہتے ہیں کہ امتحانات کی نگرانی مزید سخت کی جائے گی اور وہ امتحانی مراکز کے اچانک دوروں سے چیک اینڈ بیلنس رکھیں گے۔ اُن کا کہنا ہے کہ جعلی اُمیدوار کا امتحانی سنٹر میں دو گھنٹے تک پرچہ حل کرتے رہنے سے نگرانی کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس واقعہ کی مزید تفتیش کی جائے گی۔
پنجاب یونیورسٹی کے تحت بی اے بی ایس سی امتحانات میں اس بار پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے الگ الگ امتحانات لیے جارہے ہیں جبکہ آخری مرتبہ کمپوزٹ امتحان بھی ہورہا ہے۔