پنجاب یونیورسٹی کے لاپتہ پروفیسر غالب عطا دو سال بعد بازیاب
- December 5, 2017 9:27 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر غالب عطاء دو سال بعد اپنے گھر واپس پہنچ گئے ہیں، اُنہیں دسمبر دو ہزار پندرہ میں گھر کے باہر سے نامعلوم افراد کی جانب سے اُٹھایا گیا تھا۔
یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر غالب عطا کے لاپتہ ہونے کے بعد یونیورسٹی حکام کی جانب سے پولیس میں رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی تاہم دو سال تک اُن کے متعلق کوئی جان کاری نہ ہوسکی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ غالب عطاء کو کالعدم تنظیم حزب التحریر کے ساتھ گہرے تعلقات کے شبہ میں اُٹھایا گیا تھا اور اس حوالے سے اُن کے زیر استعمال اشیاء بھی قبضے میں لی گئیں تھیں۔
پروفیسر غالب عطاء کے گھر واپس آنے کے بعد اہل خانہ بے حد خوش ہیں۔ واضح رہے کہ اُن کی اہلیہ کی جانب سے فروری دو ہزار سترہ میں بھی ایک پریس کانفرنس کی گئی تھی جس میں اُن کی بازیابی کے لیے اعلیٰ حکام سے اپیل کی گئی تھی۔
پروفیسر غالب عطاء دو سال بعد بازیاب ہونے کے بعد اپنے ادارے میں رپورٹ کر دی ہے اور اُنہوں نے یونیورسٹی جوائن کرنے کے لیے رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان کو درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔
خیال رہے کہ پروفیسر غالب عطاء کے لاپتہ ہونے کے بعد پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی دو اساتذہ لاپتہ ہوئے تھے تاہم تین روز بعد اُن کی بازیابی ہوگئی تھی۔
پنجاب یونیورسٹی انتطامیہ نے غالب عطاء کی جوائننگ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔