پنجاب یونیورسٹی کا 30 روپے فی لیٹر پانی فروخت کرنے کا منصوبہ
- June 7, 2017 2:39 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب یونیورسٹی کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے واٹر پلانٹ لگانے کی منظوری دی ہے۔ اس واٹر پلانٹ کی تنصیب پر 40 لاکھ 75 ہزار روپے لاگت آئے گی جبکہ پلانٹ کو ایکٹو کرنے کے لیے مجموعی طور پر 91 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔
پنجاب یونیورسٹی اپنے طلباء، اساتذہ اور ملازمین کو کمرشل بنیادوں پر پانی کی فروخت کرے گی جس کے لیے ہاف لیٹر بوتل کی قیمت 15 روپے مقرر کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
یونیورسٹی کے اس واٹر پلانٹ سے ماہانہ چار لاکھ ہاف لیٹر پانی کی بوتلیں تیار کی جائیں گی جس پر ماہانہ لاگت 51 لاکھ روپے ہوگی۔ واٹر پلانٹ سے روز مرہ کی بنیاد پر 16 ہزار پانی کی بوتلیں بھری جائیں گی جو یونیورسٹی کے ہاسٹلز، شعبہ جات میں فروخت کی جائیں گی جبکہ ایک مہینے میں چار لاکھ پانی کی بوتلیں بھری جائیں گی۔
پنجاب یونیورسٹی کو فلٹرڈ واٹر کی فروخت سے ماہانہ 9 لاکھ روپے آمدن ہوگی۔
واٹر پلانٹ کے منصوبے کے لیے ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینڈ انوویشن کی سربراہی میں پانچ رُکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کمیٹی میں ڈائریکٹر اوریک، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف پولیمر انجینئرنگ، انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز سے ٹیچر اور خزانچی شامل ہیں۔
اس پلانٹ سے جدید واٹر پیوریفیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے سے پانی کو فلٹر کیا جائے گا۔ واٹر پلانٹ منصوبے کی حتمی منظوری سنڈیکیٹ سے حاصل کی جائے گی اور اس منصوبے کو سنڈیکیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جارہا ہے۔ سنڈیکیٹ سے منظوری کے بعد منصوبے کو چار مہینوں میں مکمل کیا جائے گا۔