پنجاب یونیورسٹی نتائج: گریجویشن کے ایک لاکھ 18 ہزار میں سے 73 ہزار579 طلباء فیل
- August 29, 2016 3:23 pm PST
عائشہ صدیقہ، لاہور
پنجاب یونیورسٹی کے تحت بی اے بی ایس سی کے سالانہ امتحان 2016ء کے نتائج میں کامیابی کا تناسب صرف 37 اعشاریہ 6 فیصد رہا۔
ان امتحانات میں 6 میں سے 5 پوزیشن لڑکیوں نے حاصل کی۔
بی ایس سی میں گجرانوالہ سے پنجاب کالج فار ویمن کی ہما بٹ نے 702 نمبرز لے کر ٹاپ کیا ہے جبکہ بی اے میں اوکاڑہ کے پوسٹ گریجویٹ کالج کے منصور علی نے 665 نمبر لیکر ٹاپ کیا ہے۔
بی ایس سی میں پنجاب کالج آف سائنس فیصل آباد کی زارا ناصر نے 699 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزیشن اور حافظ آباد سے پنجاب کالج کی مریم صباء نے 697 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
بی اے میں لاہور کی پرائیویٹ طالبہ فریال شہباز نے 660 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گجرانوالہ کی عتیقہ نے پرائیویٹ امتحان دیکر 655 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے اس امتحان میں 73 ہزار 579اُمیدوار فیل ہوگئے ہیں جبکہ کامیاب اُمیدواروں کی تعداد 44 ہزار 450 ہے۔
بی اے میں 90 ہزار 256 اُمیدواروں نے امتحان دیا جس میں سے 60 ہزار 577 بچے فیل ہوگئے ہیں یوں کامیاب ہونے والے اُمیدواروں کی تعداد صرف 29 ہزار 649 رہی۔
بی اے میں کامیابی کا تناسب 32.8 فیصد رہا۔
بی ایس سی کے امتحان میں 23 ہزار 501 اُمیدواروں نے پرچے دیے جن میں سے 12 ہزار 136 کامیاب ہوئے۔ یوں 11 ہزار 365 اُمیدوار فیل ہوگئے ہیں۔
بی ایس سی میں کامیابی کا تناسب 51.6 فیصد رہا۔
بی اے میں 59 ہزار 872 لڑکیوں نے امتحان دیا جس میں سے 37 ہزار 29 لڑکیاں فیل ہو گئی ہیں۔
بی اے میں 30 ہزار 354 لڑکوں میں سے 23 ہزار 548 فیل ہوگئے ہیں یوں کامیاب ہونے والے لڑکوں کی تعداد 6 ہزار 806 رہی۔
لڑکوں میں کامیابی کا تناسب 22.4 فیصد رہا۔
بی ایس سی کے امتحان میں 15 ہزار 116 لڑکیوں نے امتحان دیا جس میں سے 9 ہزار 148 پاس ہوئیں جبکہ فیل طالبات کی تعداد5 ہزار 968 ہے۔
لڑکیوں میں کامیابی کا تناسب 60.5 فیصد رہا۔
بی ایس سی میں 8 ہزار385 لڑکوں نے امتحان دیا جس میں سے 2 ہزار 988 اُمیدوار کامیاب قرار پائے یوں لڑکوں میں کامیابی کا تناسب پنتیس اعشاریہ چھ فیصد رہا۔
پنجاب یونیورسٹی لاہور پوزیشن ہولڈرز طلباء کے اعزاز میں تقریب کل 30 اگست کو نیو کیمپس میں منعقد کرے گی۔