پنجاب یونیورسٹی ٹیچرز الیکشن، تینوں پینل کا منشور کیا ہے؟

  • February 16, 2017 11:54 am PST
taleemizavia single page

لاہور/سٹاف رپورٹر

پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کا آغاز صبح آٹھ بجے ہوا۔ ان انتخابات میں ٹیچرز فرنٹ، اکیڈمک الائنس اور ٹیچرز الائنس کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے۔

اے ایس اے الیکشن میں پنجاب یونیورسٹی کے سات سو تیس اساتذہ حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جبکہ الیکشن کمشنر کے فرائض شعبہ زوالوجی کے سربراہ ڈاکٹر جاوید قاضی سر انجام دے رہے ہیں۔

ٹیچرز فرنٹ کے پینل سے صدر کے عہدے پر ڈاکٹر ساجد رشید، جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ڈاکٹر محبوب حسین الیکشن لڑ رہے ہیں۔ٹیچرز الائنس سے صدر کے عہدے پر جاوید سمیع، جنرل سیکرٹری کے عہدے پر افتخار احمد تارڑ الیکشن لڑ رہے ہیں۔

اکیڈمک الائنس سے صدر کے عہدے پر ڈاکٹر بشریٰ رحمان اور جنرل سیکرٹری کے عہدے پر ڈاکٹر محمد شاہد فاروق الیکشن لڑ رہے ہیں۔

ٹیچرز الائنس نے اپنے منشور میں لکھا ہے کہ اے ایس اے کا عہدیدار یونیورسٹی میں انتظامی عہدے پر فائز نہیں ہوگا، پنجاب یونیورسٹی کے ریسرچ جرنلز کو اپ گریڈ کرنا، ایچ ای سی قوانین کے مطابق اساتذہ کی گریڈ بائیس میں ترقی، اساتذہ کے ٹیلی فون الائنس میں اضافہ، جعلی انکوائری کلچر کا خاتمہ اور یونیورسٹی میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو رواں سال عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ اس منشور میں یہ بھی لکھا ہے کہ ٹاؤن تھری کی سنڈیکیٹ سے منظوری بھی لی جائے گی۔

اکیڈمک الائنس نے میک پنجاب یونیورسٹی گریٹ اگین کا نعرہ دیا ہے۔ اس پینل نے اپنے منشور میں کہا ہے کہ اساتذہ کے سلیکشن بورڈز کا انعقاد، ایم فل اور پی ایچ ڈی الاؤنس میں اضافہ، اساتذہ کے بچوں کی یونیورسٹی میں مفت تعلیم کا بندوبست، رہائشی کالونی میں فارمیسی کی اوپننگ، لیکچررز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کے ورک لوڈ کی ازسر نو تشکیل، پنجاب یونیورسٹی ٹیچرز فاؤنڈیشن کا قیام اور انتقامی سیاست کا خاتمہ کرنا شامل ہے۔

اے ایس اے الیکشن میں ٹیچرز فرنٹ نے اپنے منشور میں گزشتہ برس کیے گئے وعدوں کو شامل کیا ہے جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور ملازمین کے لیے ٹاؤن تھری کا قیام ہے جسے عملی شکل دے دی گئی ہے۔ ٹیچرز فرنٹ کے منشور میں اساتذہ کی ترقیوں کے لیے سلیکشن بورڈز کا انعقاد، پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ سے سیاست کا خاتمہ، سینیٹ کے الیکشن کا انعقاد، پُرامن تعلیمی ماحول کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیچرز فرنٹ چار سالوں سے اے ایس اے الیکشن میں تمام سیٹوں پر کلین سویپ کر رہی ہے تاہم آج کے الیکشن میں مقابلہ سخت ہونے کی توقع ہے۔

پنجاب یونیورسٹی اے ایس اے الیکشن میں پرنسپل پی یو سی آئی ٹی ڈاکٹر مںصور سرور کو عدالت کے حکم پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی ہے۔

الیکشن میں پولنگ کا وقت شام چار بجے تک جاری رہے گا اور دوپہر ایک بجے سے لے کر دو بجے تک کھانے کا وقفہ ہوگا۔ ان انتخابات میں پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس، اولڈ کیمپس، جہلم کیمپس اور گجرانوالہ کیمپس کے اساتذہ ووٹ ڈال رہے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *