پنجاب:پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں ڈین و اساتذہ چینی، 1600طلباء داخل ہونگے

  • November 9, 2017 5:24 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

چین کے اشتراک سے لاہور میں صوبے کی پہلی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ کلاسز کا آغاز رواں سال یکم مارچ سے کیا جارہا ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے چین کی تین یونیورسٹیوں کے ساتھ معائدہ کیا گیا ہے جس کے تحت لاہور میں پنجاب تینجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی قائم کی جارہی ہے جس کی نگرانی ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا پنجاب) کرے گی۔

حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر اس منصوبے پر تین ارب روپے کے فنڈز خرچ کیے جارہے ہیں۔

پنجاب تینجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں پہلے فیز میں فیکلٹی آف انجینئرنگ، فیکلٹی آف ٹیکسٹائل اینڈ کلوتھنگ اور فیکلٹی آف آرکیٹیکچر ایںڈ سول انجینئرنگ کا آغاز کیا جارہا ہے۔

فیکلٹی آف انجینئرنگ میں تین ڈگریاں آفر کی جائیں گی جس میں الیکڑیکل انجیںئرنگ ٹیکنالوجی، آٹوموٹو انجینئرنگ ٹیکنالوجی اور میکنیکل انجیںئرنگ ٹیکنالوجی شامل ہے۔

فیکلٹی آف ٹیکسٹائل ایںڈ کلوتھنگ میں ٹیکسٹائل انجینئرنگ اور کلوتھنگ ڈیزائن انجینئرنگ میں ڈگری شروع کی جارہی ہے۔ فیکلٹی آف آرکیٹیکچر اینڈ سول انجینئرنگ میں آرکیٹیکچر اور سول انجینئرنگ کی ڈگری آفر کی جائے گی۔

پنجاب تینجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کے پاس شدہ طلباء کے لیے 80 فیصد کوٹہ جبکہ ایف ایس سی اور اے لیول کی ڈگری کی بنیاد پر داخلہ لینے والے طلباء کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں چین کی تین یونیورسٹیاں جن میں تینجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ایںڈ ایجوکیشن، تینجن پولی ٹیکنیک یونیورسٹی اور تینجن شینگ جن یونیورسٹی لاہور کی اس یونیورسٹی کو مکمل تعاون فراہم کریں گی۔

معائدے کے تحت لاہور کی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء شارٹ ٹرم سٹڈی کے لیے چین کی مذکورہ تینوں یونیورسٹیز میں بھی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں جس کے لیے ضوابط کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

معائدے کے تحت چین سے لاہور آنے والے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی چینی حکومت کے پے پیکج کے مطابق ادا کی جائیں گی اور اس کے لیے یہ شرط عائد کی گئی ہے کہ پاکستان میں جو غیر ملکی اساتذہ تدریسی فرائض سر انجام دے رہے ہیں چین کے اساتذہ کی تنخواہیں ان سے کم نہیں ہوں گی۔

حکومت پنجاب کو پاپند بنایا گیا ہے کہ وہ یہ تنخواہیں چینی کرنسی میں اساتذہ کو ادا کرے گی۔

چین سے جن اساتذہ کو لاہور بلایا گیا ہے یہ اساتذہ معائدے کے تحت تمام ڈگری پروگرامز کا نصاب، کورس میٹریل، ریفرنس بُکس، لیبارٹریز کے لیے آلات کی خریداری کی منظوری دینے کے مجاز ہوں گے مذکورہ امور چینی اساتذہ کی جانب سے طے کیے جائیں گے۔

معائدے کے تحت لاہور کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کے تمام ڈینز اور شعبہ جات کے سربراہان چین کی یونیورسٹیوں سے لیے جائیں گے۔

معائدے پر ٹیوٹا پنجاب کے چیئرپرسن عرفان قیصر شیخ، تینجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی ایںڈ ایجوکیشن چائنہ کے صدر پروفیسر لیو زن، تینجن پولی ٹیکنیک یونیورسٹی چائنہ کے وائس پریذیڈنٹ پروفیسر شنگ بووین اور وائس پریذیڈنٹ تینجن شینگ جن یونیورسٹی چائنہ پروفیسر وینگ جیان تینگ نے دستخط کیے ہیں۔

لاہور کی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں ہر فیکلٹی میں چار سو طلباء کو داخلے دیے جائیں گے جبکہ ایک شعبہ میں زیادہ سے زیادہ پچاس طلباء داخل ہوں گے اس طرح مجموعی طور پر ایک سال میں ایک ہزار چھ سو طلباء کو یونیورسٹی میں داخلے دیے جائیں گے۔


  1. یہ یونیورسٹی لاہور کے کس ایریا میں بنائی جا رہی ہے مکمل پتہ درج کیجئے گا۔
    قابل تحسین قدم ہے۔
    شکریہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *