پنجاب سکولز ریفارمز پروگرام: برٹش کونسل کی حکومت کو معاونت

  • September 11, 2016 11:18 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

برٹش کونسل کے تحت حکومت پنجاب سکولوں میں اصلاحاتی پروگرامز نافذ کرنے جارہی ہے اور اس حوالے سے یونیورسٹی کالج لندن کے دو رکنی وفد نے پنجاب کا چار روزہ دور مکمل کر لیا ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے وفد نے لاہور میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں کو سکولز ریفارمز پروگرام پر باقاعدہ اجلاس میں تجاویز پیش کی ہیں۔

پنجاب کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی ٹریننگ، ٹیچنگ کوالٹی، کلاس روم مینجمنٹ اور کوالٹی ایجوکیشن پر یونیورسٹی کالج لندن برٹش کونسل کی ہدایات پر معاونت فراہم کرنے پر رضا ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے وفد میں کم امزلے اور ڈاکٹر فرید پنجوانی شامل تھے۔ دو رکنی وفد نے صوبائی وزیر تعلیم سے ملاقات سے قبل مختلف اضلاع کے ای ڈی اوز، ڈی ای اوز اور ڈی ڈی اوز کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کیں۔

چار روزہ دورے کے دوران وفد کو محکمہ سکولز ایجوکیشن، ڈائریکٹوریٹ سٹاف ڈویلپمنٹ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈز کے دفاتر کا بھی دورہ کرایا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن عبد الجبار شاہین کو بھی وفد نے سکولز ریفارمز پروگرام پر بریفنگ دی۔

یونیورسٹی کالج لندن کی نمائندہ کم امزلے نے تجویز دی کہ معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لیے اساتذہ کی ٹریننگ انتہائی ضروری ہے اور اس کے لیے محکمہ سکولز ایجوکیشن کو مانیٹرنگ کا سخت نظام متعارف کرانا ہوگا۔

کم امزلے نے لاہور کے مختلف سرکاری سکولوں میں ہیڈ ٹیچرز، ٹیچرز کے ساتھ فوکس گروپ ڈسکشن بھی کی جس کی بنیاد پر تجاویز تیار کی گئیں۔

حکومت کی جانب سے پنجاب ایجوکیشن انگلش لینگوئج انیشیٹو لینے پر کم امزلے کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ سے انگریزی زبان کی ترویج میں مدد ملے گی۔

پنجاب ایجوکیشن انگلشن لینگوئج انیشیٹو (پیلی) 2013ء میں لانچ کیا گیا تھا جس کے تحت صوبے کے چھتیس اضلاع کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی ٹریننگ کی جارہی ہے۔

کم امزلے نے تجویز دی کہ معیار تعلیم بڑھانے کے لیے حکومت کو پرائمری سکولز میں اصلاحاتی اقدامات کرنا ہوں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے یونیورسٹی کالج لندن کی جانب سے تیار کردہ تجاویز کو سکولز ریفارمز پروگرام کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں بتایا کہ ان تجاویز پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *