پنجاب:چھٹیوں کا شیڈول بدلنے کا عندیہ اور ایگزامیرجنسی نافذ
- January 21, 2017 3:40 pm PST
لاہور
پنجاب کے سکولوں میں دو ہزار پندرہ کو نافذ کی گئی تعلیمی ایمرجنسی کے بعد اب ایگزامرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر برائے سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے اس ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔
رانا مشہود احمد خاں کا کہنا ہے کہ نامور پرائیویٹ سکولوں کی طرز پر سرکاری سکولوں میں سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری کلاسز کے بچوں کے لیے اضافی کلاسز کا انعقاد ہوگا اور ان کلاسز کا دورانیہ دو سے تین مہینے تک محیط ہوگا۔
رانا مشہود احمد نے پنجاب کریکلم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا کہ سکولوں میں گرمیوں اور سردیوں کی چھٹیوں کے شیڈول تبدیل کیا جارہا ہے، موسمیاتی پیٹرن کو مد نظر رکھتے ہوئے رواں سال چھٹیوں کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا جس کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف دیں گے۔
رانا مشہود احمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چار ہزار پانچ سو سرکاری سکولوں میں سولر سسٹم انسٹال کیے جارہے ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی کا مسئلہ حل کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی میں کوالٹی آف ایجوکیشن پر توجہ دی گئی تھی اب ایگزامرجنسی میں سکولوں کے بچوں کو پرچوں کی تیاری پر فوکس کیا جارہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ امتحانات میں شرکت کرنے والے بچوں کے لیے سکولوں میں اضافی کلاسز بھی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں؛ سندھ کے سکولوں میں چھٹیوں کا شیڈول تبدیل کرنے کی تجویز
رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ سکولوں سے متعلقہ شکایات کے ازالے کے لیے فروی میں پنجاب شکایت سیل بنا دیا جائے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ رواں سال سکولز ایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ کے لیے مختص ستر ارب روپے میں سے اٹھائیس ارب روپے خرچ کیے گئے ہیں اور باقی فنڈز بھی خرچ کیے جائیں گے۔
صحافیوں کے سوالات کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ سکولوں کے آئی ٹی سامان کی خریداری میں گھپلوں پر انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ رانا مشہود نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے چھیالیس ہزار اساتذہ کی بھرتیاں کی جارہی ہیں اور سکولوں میں دو ہزار اٹھارہ تک چھتیس ہزار کلاس رومز تعمیر کرنے کا ہدف بھی پورا کر لیا جائے گا۔
جانیئے؛ پنجاب کے نصاب میں 32 بیماریوں سے آگاہی شامل کرنے کا فیصلہ
اُن کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سکولوں میں چار ہزار تک فیس وصول کرنے والوں مالکان مارکیٹ اکانومی کے مطابق فیسوں میں اضافہ کر سکتے ہیں جبکہ اس سے زائد فیسوں والے سکولوں کو صرف پانچ فیصد اضافہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
رانا مشہود احمد نے اعلان کیا کہ سکولز کونسلز بحال کی جارہی ہیں اور ان کونسلز کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا اور کیمونٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ ٹیچرز فاؤنڈیشن کا قیام دوبارہ عمل میں لایا جارہا ہے جس میں ہر اُستاد ماہانہ ساٹھ روپے تک فنڈ جمع کرائے گا اور حکومت بھی اس فنڈ میں رقم فراہم کرے گی اُن کا کہنا ہے کہ ٹیچرز فاؤنڈیشن سے اساتذہ کی مالی معاونت کی جائے گی۔