پنجاب حکومت کی نااہلی: لاہور کا نیا سرکاری ہسپتال پرائیویٹ یونیورسٹی کو ٹھیکے پر دے دیا گیا
- September 18, 2016 12:05 pm PST
لاہور
رائے ونڈ میں 35 کروڑ روپے کی لاگت سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی تعمیر کی گئی ہے۔
اس ہسپتال کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے 3 جولائی 2016ء کو اپنے دست مبارک سے کیااور ہسپتال میں موجود ایکسرے روم، لیبارٹریز، ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا تھا۔
لاہور کا یہ نیا سرکاری ہسپتال 60 بستروں پر مشتمل ہے۔ یہاں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف بھی تعینات کر دیا ہے۔
محکمہ نے اس ہسپتال کو چلانے سے معذرت کی جس کے بعد پرائیویٹ جامعہ یونیورسٹی آف لاہور کو اس کا انتظامی کنٹرول دے دیا گیا ہے۔
ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات، سکیورٹی اور دیگر تمام معاملات کی نگرانی یونیورسٹی آف لاہور کرے گی۔ اس ہسپتال کو چلانے کے لیے حکومت سالانہ 9 کروڑ 25 لاکھ روپے کے فنڈز بھی یونیورسٹی کو فراہم کرنے کی پاپند ہوگی۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی بیوروکریسی کی سفارشات پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو چلانے کی ذمہ داری یونیورسٹی آف لاہور کو سونپی گئی ہے۔
یونیورسٹی آف لاہور کا رائے ونڈ کیمپس اس ہسپتال کی نگرانی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے میڈیکل طلباء کو بھی اس ہسپتال میں پریکٹس کے لیے بھیجے گا۔
محکمہ کی سفارشات اور حکومت کی منظوری کے بعد اس ہسپتال کا کنٹرول یونیورسٹی آف لاہور نے سنبھال لیا ہے۔