پنجاب یونیورسٹی سمیت 8 جامعات میں مستقل وائس چانسلر تقرری کا اشتہار فائنل

  • September 13, 2017 10:49 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

پنجاب یونیورسٹی سمیت صوبے کی آٹھ سرکاری یونیورسٹیز میں وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے نیا اشتہار دینے کی سمری فائنل کر دی گئی ہے۔ وائس چانسلر کی تقرری کے لیے پی ایچ ڈی کی لازمی شرط بھی ختم کر دی گئی۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے آٹھ سرکاری یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے نیا ضابطہ تیار کرنے کے بعد سمری کو حتمی شکل دے دی ۔

اس سمری کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی کی سفارش کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کریں گے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے بھی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کرے گا اس سمری کو وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے بھی ابتدائی طور پر منظور کیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی، آئی ٹی یونیورسٹی، ہوم اکنامکس یونیورسٹی لاہور، ویمن یونیورسٹی ملتان، اوکاڑہ یونیورسٹی، جھنگ یونیورسٹی، ساہیوال یونیورسٹی، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں وائس چانسلر کی تقرری کے لیے اشتہار کی سمری وزیر اعلیٰ کو بھیجی جارہی ہے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے وائس چانسلر تقرری کے طریقہ کار کو بھی تبدیل کیا جارہا ہے جس میں تحقیقی مقالوں کی اشاعت کی تعداد اور انتظامی تجربہ کی شرط شامل ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں ڈاکٹر ظفر معین ناصر عبوری عہدے پر بطور وائس چانسلر اور آئی ٹی یونیورسٹی میں ڈاکٹر عمر سیف قائمقام وائس چانسلر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ محکمے کی جانب سے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے پی ایچ ڈی کی لازمی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *