پنجاب: سرکاری سکولز میں بزم ادب بارہ سال بعد دوبارہ بحال
- September 21, 2017 7:53 pm PST
رحیم یار خان
پنجاب کے سرکاری سکولز میں بزم ادب پروگرام کو دوبارہ سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے حکومت نے تین کروڑ روپے کا بجٹ بھی مختص کیا ہے۔ یہ بجٹ بزم ادب میں حصہ لینےوالے طلباء کو انعام دینے کی مد میں خرچ کیا جائے گا۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن نے پنجاب کے سرکاری سکولز کے سربراہان کو مراسلہ بھی جاری کیا ہے جس کے تحت سکولوں کو پاپند بنایا گیا ہے کہ وہ بزم ادب کی سرگرمی ہر کلاس کی سطح پر ہفتے میں ایک دن ضرور منعقد کریں گے۔
محکمہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق بزم ادب میں طلباء کے مابین قراءت و نعت کے مقابلہ جات، تحریک پاکستان سے متعلق موضوعات پر مباحثہ کرائیں جائیں۔
حکومت نے پہلی بار بزم ادب پروگرام کی سطح پر بھی تحائف دینے کا فیصلہ کیا ہے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء کو سکول کی سطح پر انعامات دیے جائیں گے۔ محکمہ کی جانب سے مختص کیے گئے تین کروڑ روپے کے فنڈز کو سکولز ہیڈ ماسٹرز میں تقسیم کیا جائے گا جس سے تحائف خریدے جائیں گے۔ ان تحائف میں کتابیں، قیمتی قلم اور تعریفی شیلڈز بھی شامل ہوں گی۔