پنجاب: مزدور بچوں کی تعلیم کیلئے 550 روپے وظیفہ مقرر
- October 11, 2017 3:39 pm PST
راولپنڈی
حکومت پنجاب نے چائلڈ لیبر وجبری مشقت کے خاتمے کیلئے مزدور بچوں کو رسمی و غیر رسمی تعلیم دینے کا انقلابی پروگرام بنایا ہے جس کے تحت اداروں اور این جی اوز کے تحت چلنے والے سکولوں کی پرائیویٹ پارٹنرز کی حیثیت سے پنجاب کے تمام اضلاع میں رجسٹریشن کی جائے گی۔
ایسے سکول جو پہلے ہی خدمات انجام دے رہے ہیں وہاں پر بھی 15 سال تک کےمزدور بچوں کو رسمی وغیر رسمی تعلیم کیلئے 550 روپے فی بچہ ماہانہ ملے گا۔
اس وقت راولپنڈی ضلع میں 600 کے قریب ایسے بچوں کی نشاندہی ہوچکی ہے۔
ڈائریکٹر لیبر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی کا کہنا ہے کہ ہم ان بچوں کو گھر کے قریب سکولوں میں داخل کرانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور ایسے ادارے جو پہلے ہی غریب بچوں کو مفت تعلیم دے رہے ہیں،ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
حکومت پنجاب اس سلسلے میں 550 روپے فی بچہ ماہانہ کے علاوہ کتابوں اور سٹیشنری اور سکول بیگ فراہم کرنے کیلئے 800 روپے اور یونیفارم کیلئے 1200 فی بچہ فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر نے اس سلسلے میں تمام ایسے اداروں سے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر بچے ورکشاپوں اور ہوٹلوں میں کام کرتے ہیں ہم ان کو ان کے گھروں کے قریب تعلیم دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں جس کیلئے دن رات ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے بچوں کو سکول میں داخل کروانے سے پہلے مزدور بچوں کی شناخت اور تصدیق ڈسٹرکٹ لیبر ویلفیئر کے عملے سے کرانا ہوگی۔