پنجاب حکومت کا مزید 10 ہزار سکولوں کی نجکاری کا فیصلہ

  • July 4, 2017 2:35 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب حکومت نے صوبے کے دس ہزار سرکاری سکولوں کو پرائیوٹائزڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سکولوں کی فہرستیں تیار کی جارہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر تعلیم سر مائیکل باربر کے ڈیزائن کردہ پروگرام کے مطابق سکولوں کی نجکاری کی جارہی ہے جس کے لیے پنجاب پبلک سپورٹ سکول پروگرام کے سربراہ اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر علی جان خان ورکنگ پیپر تیار کر رہے ہیں ۔

پنجاب حکومت 10 ہزار پرائمری اور مڈل سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کیا جائے گا۔ اس طرز پر حکومت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے سے 5 ہزار سرکاری سکولوں کو این جی اوز کے حوالے کر چکی ہے۔

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 4 ہزار 347 سرکاری سکولوں کو این جی او اخوت، کیئر، سٹیزن فاؤنڈیشن، این آر ایس پی، پی آر ایس پی کے حوالے کیے ہیں۔ این جی او اخوت کو پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈ کے سربراہ امجد ثاقب کی جانب سے چلایا جا رہا ہے اور لاہور کے متعدد سرکاری سکول اس این جی او کے حوالے کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں؛ پشاور کے 30 سرکاری سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ

صوبے کے اُن دس ہزار سرکاری سکولوں کو پرائیوٹائزڈ کیا جائے گا جن سکولوں کے نتائج اور طلباء کی اینرولمنٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ برطانوی ماہر تعلیم سر مائیکل باربر پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے خصوصی مشیر ہیں اورسکولوں کی نجکاری کا منصوبہ اُن کی جانب سے تیار کیا گیا ہے جس پر پنجاب حکومت عمل درآمد کر رہی ہے۔ اس وقت پنجاب میں سرکاری سکولوں کی تعداد 53 ہزار ہے اور اس میں سے دس ہزار سکولوں کی نجکاری کے بعد یہ تعداد 43 ہزار رہ جائے گی۔

جن دس ہزار سکولوں کی پرائیوٹائزیشن کی جارہی ہے یہاں پر تعینات اساتذہ کو ریشنلائزیشن پالیسی کے تحت دیگر سرکاری سکولوں میں ٹرانسفر کر دیا جائے گا جبکہ این جی اوز کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اپنے اساتذہ اور ملازمین کی بھرتیاں کریں۔

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سکولوں کی فہرستیں تیار کرنے کے بعد اخبارات میں اشتہار جاری کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *