پنجاب: میڑک، انٹرمیڈیٹ کےامتحانی شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ
- October 16, 2017 9:47 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب حکومت نے موسم کی شدت، رمضان المبارک اور طلبہ کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجم سے لے کر گریجوایشن تک کے امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات وقت سے قبل شروع ہو جائیں گے جبکہ گریجوایشن کے امتحانات انٹرمیڈیٹ کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی کی زیر صدارت پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز (پی بی سی سی) کے اجلاس میں امتحانی شیڈول میں تبدیلی کے لئے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز سے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق امتحانات کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے ہونے والے اس اہم اجلاس میں وزیر تعلیم کی جانب سے رمضان المبارک موسم گرما کی شدت اور طلبہ کی سہولت کے مدنظر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کرنے کا کہا گیا جس پر میٹنگ میں موجود اراکین کی جانب سے مختلف آراء کا اظہار کیا گیا۔
تاہم بعد ازاں یہ طے کیا گیا کہ میٹرک و انٹر کا امتحانی شیڈول تبدیل کرکے امتحانات قبل از وقت کر دیئے جائیں اور میٹرک و انٹر کے امتحانات 3ہفتوں سے لے کر ایک ماہ شروع کروائے جائیں جبکہ اس مقصد کے لئے پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیر اہتمام ہونے والے پنجم اور مڈل کے امتحانی شیڈول میں بھی تبدیلی کی جائے اور وہ امتحان بھی قبل از وقت لئے جائیں جبکہ امتحانی ربط درست کیا جائے۔
یعنی گریجوایشن، بی اے ، بی ایس سی کے امتحانات جو ابھی انٹرمیڈیٹ سے قبل ہوئے ہیں انہیں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے بعد کر دیا جائے۔
اس طرح امتحانی شیڈول کا ربط بھی درست ہو جائے گا یعنی پہلے پنجم، مڈل، میٹرک، انٹرمیڈیٹ اور پھر گریجوایشن کے امتحانات ہوں گے اس حوالے سے ہونے والے اجلاس میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز سے اس منصوبے پر عملدرآمد کرنے کے لئے تجاویز طلب کی گئی ہیں جبکہ دیگر متعلقہ محکموں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کرنے کو کہا گیا ہے۔