لاہور کالج اور سرگودھا یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلرز تعینات

  • May 29, 2017 5:06 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کو چار سال کے لیے مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کا نوٹفیکیشن جاری کر دیا ہے جبکہ سرگودھا یونیورسٹی میں ڈاکٹر اشتیاق احمد کو چار سال کے لیے مستقل وائس چانسلر تعینات کیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے وائس چانسلرز تقرری کیس میں 27 اپریل کو حکم جاری کیا تھا کہ پنجاب حکومت وائس چانسلرز کے شارٹ لسٹ کیے گئے اُمیدواروں میں سے فوری طور پر وائس چانسلرز تعینات کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ ہائرایجوکیشن نے دو یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز تعینات کر دیے ہیں جبکہ پنجاب یونیورسٹی اور محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان میں وائس چانسلر تعیناتی کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی تقرری کو قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر رخسانہ کوثر کی درخواست کے حتمی فیصلے کے ساتھ مشروط کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں ڈاکٹر عظمیٰ قریشی کی اہلیت کے خلاف درخواست جمع کرا رکھی ہے۔

سرچ کمیٹی نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے لیے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، ڈاکٹر رخسانہ کوثر، ڈاکٹر شاہدہ حسنین کے نام فائنل کیے تھے جبکہ سرگودھا یونیورسٹی کے لیے ڈاکٹر اشتیاق احمد، ڈاکٹر ظفر معین اور ڈاکٹر طاہر امین کے نام فائنل کیے تھے۔

ڈاکٹر رخسانہ کوثر قائمقام وائس چانسلر کے طور پر کام کر رہی تھیں جنہیں عدالت نے تعینات کیا تھا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اُنہیں قائمقام وائس چانسلر کے عہدے سے فوری طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی اور یو ای ٹی ملتان میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے دوبارہ انٹرویوز کیے جانے کا امکان ہے یہ انٹرویوز وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے لیے جائیں گے۔

پنجاب یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے لیے ڈاکٹر زکریا ذاکر، ڈاکٹر مجاہد کامران اور ڈاکٹر ظفر معین ناصر کے نام فائںل کیے گئے تھے۔

notification-2

notification 31

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *