ہنگامے و احتجاج؛ پنجاب میں دو دن کیلئے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے

  • November 26, 2017 12:01 pm PST
taleemizavia single page

ملتان

فیض آباد راولپنڈی میں تحریک لبیک کے دھرنے کے خلاف پولیس آپریشن کے بعد ملک کے حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے جس کے اثرات پنجاب کے بڑے شہروں پر بھی مرتب ہوئے۔ پنجاب میں احتجاج اور ہنگاموں کے باعث حکومت نے دو دن کے لیے تمام سرکاری ونجی سکولوں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر سکولز ایجوکیشن پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے میڈیا بیان میں کہا ہے کہ حالات کو پُرامن رکھنے کے لیے سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر سکولوں کو بند کیا جارہا ہے اور وزیر سکولز ایجوکشن کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان نے فیلڈ آفیسرز اور ہیڈ ٹیچرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ والدین کو اطلاعات دیں کہ وہ اپنے بچوں کو دو دن تک سکول مت بھیجیں۔

محکمہ سکولز ایجوکیشن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ وزیر سکولز ایجوکیشن کے مطابق یہ فیصلہ نجی تعلیمی اداروں پر بھی نافذ ہوگا۔

حکومتی ہدایات کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے بھی سرکاری کالجوں، سرکاری یونیورسٹیز اور نجی یونیورسٹیز بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک کے دھرنے کے خلاف آپریشن کے بعد راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، جھنگ،گجرانوالہ، قصور، ملتان اور دیگر شہروں میں مظاہرے کیے گئے جس کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہونے پر حکومت پاکستان نے نیوز چینلز، فیس بُک، ٹویٹر، یو ٹیوب اور ڈیلی موشن سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس بند کر دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *