نجی یونیورسٹیز کو سرکاری لیپ ٹاپ دینے کا میکانزم کیا ہوگا؟

  • March 12, 2017 1:19 pm PST
taleemizavia single page

رحیم یار خان/جواد احمد

پنجاب کی پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت میرٹ کے مطابق پانچ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔ صوبے میں چوبیس پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلباء کو یہ سرکاری لیپ ٹاپ ملیں گے۔

حکومت پنجاب نے تین سال بعد وزیر اعلیٰ کی سکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز پندرہ مارچ کے بعد ہوگا۔

صوبائی وزیر برائے تعلیم سید رضا علی گیلانی کی زیر صدارت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے حوالے اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن ڈاکٹر نظام الدین، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بھی شرکت کی۔

سید رضا علی گیلانی نے حکومت کی جانب سے پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کیلئے میرٹ مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں اور اس ضمن میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا طریقہ کار وضع کرے۔

پنجاب حکومت سرکاری یونیورسٹیز کے ایک لاکھ سولہ ہزار طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے جارہی ہے جبکہ پرائیویٹ یونیورسٹیز کے طلباء میں بھی پانچ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم ہوں گے۔

پنجاب کی چوبیس پرائیویٹ یونیورسٹیز میں سے 19 یونیورسٹیز صرف لاہور میں جبکہ پانچ یونیورسٹیز صوبے کے دیگر شہروں میں ہیں۔ حکومت پہلی بار نجی یونیورسٹیز کے ذہین طلباء کو لیپ ٹاپ دے گی۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق نجی اداروں کے طلباء کو لیپ ٹاپ دینے کے لیے میرٹ بنایا جارہا ہے جس میں طالبعلم کے میڑک، انٹرمیڈیٹ اور یونیورسٹی میں سمیسٹر کے دوران حاصل کیے گئے نمبروں کو بنیاد بنایا جائے گا اور یوں یہ میرٹ مجموعی طور پر تعلیمی ریکارڈ کو پیش نظر رکھتے ہوئے فائنل کیا جائے گا۔

پی ایچ ای سی کے ذرائع کے مطابق یہ میرٹ نوے فیصد نمبروں سے کم متعین نہیں کیا جائے گا تاہم حتمی فیصلہ پرائیویٹ یونیورسٹیوں سے موصول ہونے والی فہرستوں کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے تحت شکایتی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پر لیپ ٹاپ سے متعلقہ شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔

لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پہلی تقریب 13 مارچ کو ایوان اقبال میں منعقد ہونا تھی جو وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرکاری مصروفیات کے باعث ملتوی کر دی گئی ہے اب نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

تاہم لاہور میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں مختلف یونیورسٹیز کے طلباء کو مدعو کیا جارہا ہے جن میں میاں محمد شہباز شریف لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *