پنجاب کے تعلیمی اداروں کی فول پروف سیکورٹی، رینجرز کو آپریشن کی اجازت
- August 21, 2016 7:42 pm PST
محکمہ داخلہ پنجاب نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو کومبنگ آپریشن کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
پنجاب کے سرکاری و نجی سکولوں سمیت کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سیکورٹی کو موسم گرما کی تعطیلات کے بعد فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو مراسلہ لکھا ہے جس میں تعلیمی اداروں کے اطراف میں کومبنگ آپریشن کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تین صفحات پر مبنی اس مراسلے میں درج ہے کہ کومبنگ آپریشن کے پہلے مرحلے میں اے پلس اور اے درجہ بندی کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اطراف میں آپریشن کو یقینی بنایا جائے۔
اس آپریشن میں رینجرز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب مشترکہ طور پر حصہ لیں گے۔
آپریشن کے دوران اداروں کے اطراف میں رہائشیوں، کرایہ داروں اور کاروباری شخصیات کے کوائف بھی جمع کیے جائیں گے