پنجاب کالج لاہور کا طالبعلم پولیس گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق
- February 23, 2018 9:22 pm PST

لاہور: پنجاب گروپ آف کالجز لاہور کا آئی کام کا طالبعلم احتشام چغتائی پولیس کی گاڑی کے نیچے آکر جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ اُس کا ساتھی شدید زخمی ہے جسے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کالج کے کیمپس نمبر آٹھ میں احتشام چغتائی زیر تعلیم تھا، وہ موٹر سائیکل پر اپنے کلاس فیلو محمد ناصر کے ہمراہ مسلم ٹاؤن انڈر پاس سے گزر رہا تھا کہ تیز رفتار پولیس کی گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں احتشام موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ اُس کا ساتھی شدید زخمی ہوا۔
احتشام چغتائی کی ہلاکت کے بعد پنجاب کالج کے طلباء کینال روڈ پر شدید احتجاج کر رہے ہیں اور اس تین گھنٹے سے جاری اس احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگیا ہے۔
پنجاب کالج کے آئی کام کے طلباء کا مطالبہ ہے کہ پولیس گاڑی کا ڈرائیور گرفتار ہو چکا ہے اس کے خلاف فوری طور پر قتل کا مقدمہ درج کیا جائے تاہم پولیس فوری طور پر مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے۔
دوسری جانب پنجاب کالج کی انتظامیہ کی جانب سے طلباء پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ اپنا احتجاج ختم کر دیں لیکن طلباء نے مقدمہ درج ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔