پنجاب: بجٹ میں کن تعلیمی منصوبوں پر کتنے ارب روپے مختص

  • June 3, 2017 1:04 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب حکومت نے اپنے آخری بجٹ میں تعلیم کے لیے مجموعی طور پر 345 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ سکولز ایجوکیشن کے ترقیاتی پروگرامز کے لیے 53 ارب 36 کروڑ روپے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کیلئے 230 ارب روپے، پسماندہ اضلاع میں زیور تعلیم پروگرام کیلئے 6 ارب 50 کروڑ روپے، مفت نصابی کتب کی فراہمی کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

خادم پنجاب سکولز پروگرام کیلے 28 ارب روپے سکولوں کی عمارات کی بحالی اور 36 ہزار نئے کلاس رومز کی تعمیر کے لیے رکھے گئے ہیں۔

پنجاب ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کیلئے 16ارب، ہائر ایجوکیشن کیلئے 44 ارب 60 کروڑ، اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے ترقیاتی پروگرام کیلئے 18 ارب سے زائد، وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم کے چوتھے مرحلے کیلئے 7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

آئندہ مالی سال کے لیے کالجوں میں مسنگ فیسیلٹیز کی مد میں ایک ارب 62 کروڑ، پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈ کے لیے پانچ ارب جبکہ تقریری مقابلوں اور چائینیز لینگوئج سکالر شپ پروگرام کے لیے تین ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

حکومت نے آئندہ مالی سال میں ہائر ایجوکیشن کے منصوبوں کے لیے سرکاری یونیورسٹیوں کے سب کیمپسز کھولنے کے لیے 62 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں کالجوں میں مسنگ فیسیلٹیز ایک ارب 62 کروڑ 7 لاکھ روپے، سیکورٹی کی مد میں 30 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل اینڈومنٹ فنڈز کے لیے پانچ ارب روپے رکھے ہیں اس فنڈ سے ایک لاکھ 24 ہزار سکالر شپس دی جائیں گی جس میں 875 سکالر شپس دیگر صوبوں کے طلباء کے لیے بھی مختص کی گئی ہیں۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے صرف 50کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔

بجٹ میں تقریری مقابلوں، چائینیز لینگوئج سکالر شپ پروگرام اور پوزیشن ہولڈرز طلباء کے غیر ملکی دوروں کی مد میں 3 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ آئندہ سال صوبے میں 50 نئے سرکاری کالجوں کا قیام، 30 کالجوں میں مسنگ فیسیلٹیز شامل ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کی 147 جاری سکیمیں جبکہ 85 نئی سکیموں کے لیے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

بجٹ میں لاہور نالج پارک کمپنی کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *